• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ورلڈ میری ٹائم ڈے پر پاک بحریہ کے سربراہ کا خصوصی پیغام

ورلڈ میری ٹائم ڈے2019 کے موقع پرپاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفرمحمود عباسی نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ میری ٹائم کا عالمی دن ہر سال منایا جاتا ہے جس کا مقصد عالمی اقتصادیات میں بین الاقوامی میری ٹائم صنعت کے کردار و خدمات کو اُجا گر کرنا اور تجارتی جہاز رانی میں سیفٹی ، میری ٹائم سکیورٹی اور بحری ماحولیات کی افادیت کی جانب توجہ مرکوز کرنا ہے ۔

انٹر نیشنل میری ٹائم آرگنائزیشن نے اس سال کے ورلڈ میری ٹائم ڈے کے لیے " میری ٹائم کمیونٹی میں خواتین کو خودمختار بناناہے " Empowering women in the maritime " کے موضوع کاانتخاب کیا ہے جس کا مقصد اقوام متحدہ کے پائیدار ترقی کے اہداف کی روشنی میں صنفی برابر ی کی اہمیت پر روشنی ڈالنا ہے۔

میری ٹائم سیکٹر میں خواتین کی خدمات کو عالمی سطح پر بروئے کار نہیں لایا گیااور پاکستان بھی اس سے مستثنیٰ نہیں ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ تمام میری ٹائم اقوام  انتظامی امور، بندرگاہوں اور میری ٹائم تربیتی اداروں میں خواتین کے لیے سازگار ماحول اور روزگار کے مواقع پیدا کریں ۔

خواتین کو بااختیار بنانے سے معیشت مضبوط ہوتی ہے، ادارے کی پیداواری صلاحیتیں بڑھتی ہیں اور ترقی میں اضافہ ہوتا ہے جو عالمی میری ٹائم برادری سے جڑے ہر ایک کے لیے فائدہ مند ہے۔

قدرت نے پاکستان کو ایک ہزار کلومیٹر سے زائد طویل ساحلی پٹی اور 2,90,000 مربع کلو میٹر خصوصی اقتصادی زون سے نوازا ہے جو جاندار اور غیر جاندار وسائل سے مالا مال ہے۔ پاک چین اقتصادی راہداری تیزی سے تکمیل کی طرف رواں دواں ہے جس سے پاکستان میں میری ٹائم سر گرمیوں میں کئی گناہ اضافہ ہو گا۔

ضرورت اس امر کی ہے کہ اس منصوبے سے جڑے معاشی مواقع سے بھر پور فائدہ اٹھایا جائے جو صرف ہمارے میری ٹائم سیکٹر کے استعداد میں اضافے سے ہی ممکن ہے ۔ خواتین جو ہماری آبادی کا نصف ہیں ان  کی میری ٹائم شعبہ جات میں دلچسپی ہمارے میری ٹائم پوٹینشل سے دیر پا فوائد کے حصول میں مددگار ہے۔

پاک بحریہ ملکی میری ٹائم سیکٹر کی ترقی میں بھر پور مدد و معاونت کر رہی ہے اور میری ٹائم آ گہی کے فروغ میں صف اول کا کردار ادا رکر رہی ہے ،جو میری ٹائم کی  ترقی کے لیے بنیادی ضرورت ہے۔ میری ٹائم سیکٹر کی ترقی کا حصول بھر پور میری ٹائم آگہی مہم کے ذریعے ممکن بنایا جا رہا ہے جس میں تمام میری ٹائم شراکت داروں کو شامل کیا گیا ہے تاکہ بحری اقتصادی پوٹینشل کے بارے میں ان کے علم میں اضافہ ہو ۔ میری ٹائم شراکت داروں کے ساتھ باہمی رابطے تحقیق پر مبنی عملی حل پر مشتمل ہوتےہیں ، جو ہماری میری ٹائم صنعت کی ترقی میں مددگار ثابت ہو سکتی ہے ۔

دوسرا اہم مقصد میری ٹائم تعلیم کا فروغ ہے ۔ اس ضمن میں بحریہ یونیورسٹی نے حال ہی میں میری ٹائم ڈسپلن میں مرد و خواتین کے لیے ماسٹر اور گریجویٹ پروگرا مز کا آغاز کیا ہے۔اس اہم دن کے موقع پر پاک بحریہ، پاکستان کے میر ی ٹائم سیکٹر کی ترقی اور میر ی ٹائم کے مختلف شعبوں میں خواتین کو بااختیار بنانے کے سلسلہ میں اپنی بھر پور مدد و تعاون کے عزم کا اعادہ کر تی ہے۔

میر ی ٹائم سیکٹر میں ترقی خود کفالت اور معاشی ترقی کے حصول کی طرف ایک اہم قدم ہوگا ۔ میں پُر امید ہوں کہ بحری اقتصادیات کے کما حقہ فوائد حاصل کرنے کے ضمن میں تمام میر ی ٹائم شراکت داروں کی بھر پور معاونت حاصل رہے گی۔

تازہ ترین