• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قصور واقعہ کے ملزمان کی عدم گرفتاری، کمیونٹی رہنمائوں کا اظہار افسوس

ہیلی فیکس(زاہد انور مرزا)مرکزی صدر اہل سنت والجماعت پروفیسر سید احمد حسین ترمذی،علامہ قاری محمد عباس صدر مذہبی امور پاکستان پیپلز پارٹی ہڈرسفیلڈ برطانیہ، علامہ سجاد احمد رضوی، آصف نسیم راٹھور صدر پاکستان پیپلز پارٹی بریڈفورڈ، زیڈ اے مرزا صدر استحکام پاکستان کونسل برطانیہ شامل ہیں نے قصور میں بچوں کے اغوا کے بعد جنسی تشدد، بہیمانہ قتل کے واقعات اور ملزمان کی عدم گرفتاری پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہےمرکزی صدر اہل سنت والجماعت پروفیسر سید احمد حسین ترمذی نے کہا ہے کہ قصور میں زینب قتل کیس کے بعد قصور ہی میں تین معصوم بچوں کے ساتھ جنسی زیادتی کے بعد قتل کے اندوہناک انسانیت سوز واقعات پیش آئے ابھی تو معصوم بچی زینب کے والدین، رشتہ دار، اہل محلہ زینب کے غم اور صدمہ سے باہر نہیں نکلے تھے کہ مزید درندہ صفت بھیڑیوں کی طرف سے تین معصوم بچوں کے ساتھ جنسی زیادتی اور قتل جیسے وحشیانہ واقعات سامنے آگئے اس کا مطلب یہ ہے کہ زینب کے واقعہ کے بعد حکومت، وزیراعلیٰ اور پولیس نے ایسے درندوں سے نمٹنے کیلئے کوئی لائحہ عمل تیار ہی نہیں کیا تھا۔ علامہ قاری محمد عباس نے اپنے بیان میں کہا کہ ان دل خراش واقعات نے ہلا کر رکھ دیا ہے اگر ہم اپنی اولادوں کی حفاظت نہیں کر سکتے تو پھر ہمیں نہ حکومت کرنے کا حق ہے اور نہ ہی جینے کا حق ہے، یہ بچے ہمارے ورثہ اور مستقبل کے معمار ہیں اگر آج ان کی حفاظت نہیں کریں گے تو ہمارا مستقبل تاریک ہوجائے گا میں سمجھتا ہوں کہ ایسے قبیح ترین واقعات پر قابو نہ پانا حکومت پنجاب کی نااہلی اور پنجاب پولیس کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔ علامہ سجاد احمد رضوی نے کہا ہے کہ وہاڑی پنجاب پولیس نے خاتون کو انتہائی بدترین تشدد کا نشانہ بنایا کہ انسانیت بھی کانپ اٹھی۔ ڈی ایس پی اور ایس ایچ او سمیت 8 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔چند روز قبل 82سالہ بوڑھی خاتون کے ساتھ پولیس افسر کا بدترین رویہ گالیاں نکالنا بُرا بھلا کہنا اخلاقیات کا جنازہ نکال دیا گیا۔ آصف نسیم راٹھور نے کہا زینب کے قاتل کی پھانسی سے کوئی فرق پڑا؟ کیا والدین اپنے بچوں کو محفوظ تصور کرتے ہیں؟ عوام کی جان مال کی حفاظت حکومت وقت کی ذمہ داری ہوتی ہے حکومت کو چاہئے کہ عوام کی حفاظت کیلئے تمام تر ذرائع اور وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ باقی حکومت پاکستان اور وزیر اعلیٰ پنجاب سے اپیل کرتے ہیں کہ ان معصوم بچوں کے قاتلوں کو جلد از جلد گرفتار کر کے بازاروں اور چوکوں میں سر عام پھانسی دی جائے، ان مجرموں کو نشان عبرت بنا کر کیفر کردار تک پہنچایا جائے تاکہ آئندہ کسی غلیظ انسان کو ایسے جرائم کرنے کی جرأت نہ ہو سکے۔ زیڈ اے مرزا صدر استحکام پاکستان کونسل برطانیہ نے اپنے بیان میں وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ معصوم بچوں کے ساتھ جنسی زیادتی، بہیمانہ تشدد اور قتل پرجہاں ہر آنکھ اشکبار ہے وہیں برطانیہ میں آباد پاکستانی کمیونٹی نے بھی واقعے اور حکومتی نااہلی پر گہرے دُکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے- ضلع قصور کی تحصیل چوریاں میں تین بچوں کو اغوا اور جنسی تشدد کے بعد قتل یہ موجودہ حکمرانوں اور ریاستی اداروں کی انتہائی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
تازہ ترین