• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

شیریں مزاری کی فردوس عاشق اعوان کے بیان پر معذرت

اسلام آباد (نیوز ایجنسیاں)وفاقی وزیر انسانی حقوق شیریں مزاری نے معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان کے زلزلے سے متعلق بیان پر معذرت کی ہے، فردوس عاشق اعوان نے ایک بار پھر اپنے بیان کی وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کیچڑ اچھالنے سے گریز کیا جائے، انہوں نے میرپور میں اسپتال جاکر زخمیوں کی عیادت بھی کی۔تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام میں شیریں مزاری نے کہا کہ فردوس عاشق اعوان کے خیالات حکومتی موقف نہیں، حکومت کا مطلب اجتماعی ذمہ داری ہوتا ہے۔انہوں نے کہاکہ انسانی مشکلات سے کبھی بھی صرفِ نظر نہیں کیا جاسکتا، فردوس عاشق اعوان کے نامناسب بیان سے ہونے والی دل آزاری پر معذرت خواہ ہیں۔دوسری جانب وزیراعظم کی مشیر برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے زلزے سے متعلق اپنے بیان کی ایک اور بار وضاحت کردی۔میرپور آزاد کشمیر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ سوشل میڈیا سے متعلق میری غیر رسمی گفتگو کو زلزلے سے جوڑا گیا جس کی مذمت کرتی ہوں، میرے بیان کو توڑ مروڑ کر سوشل میڈیا پر وائرل کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ بیان بازی، بہتان تراشی اور کیچڑ اچھالنے کی بجائے زخمیوں کی بہتری کے لیے کردار ادا کریں۔فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ زلزلے کے بعد تباہی کا علم نہیں تھا، میرے بیان کو سوشل میڈیا پرغلط انداز میں پیش کیا گیا۔

میری گفتگوکوسیاق وسباق سے ہٹ کر پیش کرناافسوسناک ہے،۔فردوس عاشق اعوان


اس مشکل گھڑی میں سب کا متحد ہونا ضروری ہے۔مشکلات کا مقابلہ قوم متحد ہو کر کرتی ہے۔

تازہ ترین