اسلام آباد (ایجنسیاں ) احتساب عدالت نے ایل این جی کیس میں نیب کی مزید ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی،مفتاح اسماعیل اور عمران الحق کو جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل بھیج دیا۔نیب کو تینوں ملزمان کو 11 اکتوبر کو دوبارہ پیش کرنے کا بھی حکم دیا تفصیل کے مطابق نیب حکام نے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، سابق وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل اور سابق ایم ڈی پی ایس او عمران الحق کو احتساب عدالت کے جج محمد بشیر کی عدالت میں پیش کیا۔نیب کی جانب سے شاہد خاقان عباسی اور دیگر ملزمان کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی جس پر عدالت نے جسمانی ریمانڈ دینے سے انکار کرتے ہوئے سابق وزیراعظم، سابق مشیر خزانہ اور سابق ایم ڈی پی ایس او کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔جس کے بعد شاہد خاقان عباسی اور مفتاح اسماعیل کو اڈیالہ جیل منتقل کردیاگیا۔ عدالت نے نیب کو تینوں ملزمان کو 11 اکتوبر کو دوبارہ پیش کرنے کا بھی حکم دیا۔