• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دنیا کی تعلیم یافتہ، مہذب اور ترقی یافتہ اقوام اپنے ملک کی تاریخ، جغرافیہ، سیاست و معیشت اور ادب و ثقافت پر خاص توجہ دیتی ہیں جبکہ ہمارے ہاں مطالعہ پاکستان کو ابتدائی جماعتوں سے اعلیٰ تعلیم تک اس انداز سے پڑھایا جاتا ہے کہ پاکستانیت کا واضح مفہوم تشکیل نہیں پاتا۔ جب کیریئر گائیڈنس کا مرحلہ سامنے آتا ہے تو طالب علموں کی اکثریت کو معلوم نہیں ہوتا کہ پاکستان کا مطالعہ کتنا مفید ہے۔ 

اس میں اختصاصی ڈگری کن عہدوں سے سرفراز کر سکتی ہے۔ اس لازمی مضمون کو ہم روایتی انداز میں پڑھتے اور پڑھاتے ہیں۔ مشکل ہی سے ہمارا مرحلہ وارنصاب پاکستانیت کے شعور کو فروغ دینے میں ممد و معاون ہوتا ہے۔تاہم کچھ خلاق ذہن اپنے ملک سے پیار کی شمع جلانے کے لیے مطالعہ پاکستان کا انتخاب کرتے ہیں،جو دراصل تاریخ ِ پاکستان ہے،جس کی حقیقی جدوجہد 23مارچ 1940ء کی قراردادِ پاکستان سے شروع ہوتی ہے۔ 

لیکن جس خطے میں پاکستان واقع ہے یہیں وادی سندھ میں دریائے سندھ کے کنارے وید لکھے جاتے ہیں اور ہندو مت کا آغاز ہوتا ہے،یہیں محمد بن قاسم کی فتح سے باب الاسلام کہلانے والے اسلامی جمہوریہ پاکستان کی داغ بیل پڑتی ہے۔ یہ واقعات تاریخ کا حصہ بن جاتے ہیں، جن سے ہمیں یہ سمجھنے میں مدد ملتی ہے کہ دنیا کس طرح کام کرتی ہے، انسان کیسے برتاؤ کرتا ہے، کون سے رویے نفرت کا موجب بنتے ہیں اورجس معاشرے میں ہم رہتے ہیں وہ کس طرح ترقی یافتہ ہے۔

تاریخ کا علم ماضی کو جان کر حال کو سمجھنے ، مستقبل کی پیشگوئی کرنے اور حکمت عملی وضع کرنے میں معاون ہوتا ہے۔ تاریخ کا مطالعہ انسان کی اخلاقیات میں اہم کردار ادا کرتا ہے، اس لیے پاکستانیت کے فروغ اور محبت میں مطالعہ پاکستان کے اہم کردار کو کسی طور نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔

پاک اسٹڈیز میں ماسٹرز ڈگری

کسی بھی طالب علم کے لیے ماسٹرز ڈگری اس کے کیریئر کے تعین کا مرحلہ ہوتا ہےجب وہ مکمل توانائیاں کسی ایک موضوع پر دے کر اس میں دسترس و مہارت حاصل کرتا ہے۔ مطالعہ پاکستان کے ماسٹرز ڈگری پروگرام میں پاکستان کا آئینی نظام، معاشی اشاریے اور ثقافتی ورثہ شامل ہیں۔ 

اس کی توجہ ملک میں معاشرتی تبدیلی کے نمونوں کے تجزیے اور معاصر عالمی منظرنامے میں پاکستان کے دوسری ریاستوں کے ساتھ علاقائی اور عالمی باہمی روابط پرہوتی ہے۔ نصاب کے اجزائے ترکیبی پاکستانی ثقافت، آبادیات، جغرافیہ، تاریخ اور سیاست پر مشتمل ہیں۔ 

اس پر ملک اور بیرون ملک وسیع پیمانے پر تحقیق کی جارہی ہے۔ پاکستان میں متعدد یونیورسٹیوں میں اس کے لئے مختص شعبے اور تحقیقی مراکز موجود ہیں جبکہ بہت سے آزاد تحقیقی ادارے مطالعہ پاکستان میں کثیر الشعبہ تحقیق کررہےہیں۔ یہاں متعدد بین الاقوامی تنظیمیں بھی ہیں جوپاکستانیت پر باہمی تعاون کے ساتھ تدریس، تحقیق اور تبادلے کی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔

اہم مضامین

مطالعہ پاکستان میں ماسٹرز ڈگری کے لیے آپ کو تحقیقی اور محققانہ ذہن درکار ہے،جس کے تحت آپ ماسٹرز کرتے ہوئے اہم مضامین کو ماہر پاکستانیات کی حیثیت سے دیکھ سکتے ہیں اور اس سلسلے کو بڑھاتے ہوئے مطالعہ پاکستان میں پی ایچ ڈی کی سند بھی پاسکتے ہیں،جس کی بین الاقوامی تعلقات پر مبنی دنیا میں اہمیت و وقعت سے سرِ مو انحراف نہیں کیا جاسکتا۔ 

پاکستان اللہ کی کتنی بڑی نعمت ہے اور پاکستان سے محبت کے معنی کیا ہیں؟ ان تمام سوالات کے جوابات آپ کو ماسٹرز ڈگری میں شامل مضامین کے بصیرت افروز مطالعے سے مل جائیں گے،جن میں پاکستان کی سیاسی معیشت، پاکستانی زبانیں اور ادب، پاکستانی سوسائٹی اور ثقافت، پاکستان کی خارجہ پالیسی، نظریہ پاکستان، تحریک آزادی، پاکستان میں حکومت اور سیاست، پاکستان کا ثقافتی ورثہ، پاکستان میں معاشرتی تبدیلی اور ترقی، پاکستان میں لوکل سیلف گورنمنٹ، پاکستان کی سیاست میں سول اور ملٹری بیورو کریسی، جغرافیہ اور ڈیموگرافک پروفائل آف پاکستان، مادری و پاکستانی زبانوں میں مہارت، پاکستان میں ماس میڈیا اور مواصلات، سیاسی جماعتیں، پریشر گروپس اور عوامی رائے، تحریک آزادی کے خصوصی حوالے کے ساتھ مسلم قوم پرستی، پاکستان میں سیاسی اور آئینی ترقی 1947ء سے تاحال جیسے ہمہ گیر موضوعات شامل ہیں،جن کے مطالعے سے آپ پاکستان کے نبض شناس بن سکتے ہیں۔

ماسٹرز کی اہلیت

پاکستان اسٹڈیز میں ماسٹرز کی اہلیت کی بات کی جائے تو امیدوار کی 14سال تعلیم ہونی چاہئے یعنی اس کے پاس تسلیم شدہ کالج یا یونیورسٹی سے گریجویٹ ڈگری ہونی چاہئے۔ معاشرتی سائنس میں پس منظر ایک پلس پوائنٹ ہوتا ہے لیکن یہ ضروری خصوصیت نہیں۔ غیر ملکی طلبا اپنی درخواستیں وزارت تعلیم، حکومت پاکستان کے ذریعے بھیج سکتے ہیں۔

دائرہ کار اور کیریئر کے مواقع

پاکستان، جنوبی ایشیا کے اہم ترین ممالک میں شامل ہے،جس کے بارے میں معلومات نہ صرف آپ کو ٹیچر،لیکچرر،ایسوسی ایٹ پروفیسر اور پروفیسر کی محفوظ ملازمت دلا سکتی ہے بلکہ پاکستانی امور کے ماہر بن کر آپ وزارتِ خارجہ میں بھی اہم ملازمت پا سکتے ہیں۔

اگر آپ پاکستان کے بارے میں جانتے ہیں تو پاکستان کے جملہ امور کے ماہر اور تھنک ٹینک بن کر ملک کو اپنے دانش مندانہ تجزیوں سے سیاسی و معاشی اور دفاعی طور پر مضبوط بنا سکتے ہیں۔

تازہ ترین