بھارتی ریاست مدھیا پردیش میں ڈرامائی منظر اس وقت سامنے آیا جب دو گھوڑوں کی لڑائی کے دوران ایک گھوڑا لڑتے ہوئے رکشہ میں جا پھنسا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق مدھیا پردیش کے علاقے جبل پور میں پیش آنے والے اس واقعے کی ویڈیو مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر خوب وائرل ہو رہی ہے۔
مقامی افراد نے دونوں گھوڑوں کے درمیان ہونے والے جھگڑے کو نظر انداز کیا تو دونوں لڑتے جھگڑتے قریبی شو روم میں گھس گئے اور املاک کو نقصان پہنچایا۔
صرف یہی نہیں اسی لڑائی جھگڑے میں مشتعل گھوڑوں میں سے ایک چلتی گاڑی میں کود گیا اور دوسرا سڑک پر موجود رکشے میں پھنس گیا جس کے نتیجے میں 2 افراد زخمی ہوگئے۔
راہگیروں نے زخمیوں کو گاڑی سے باہر نکال کر، ایمبولینس کو کال کی جبکہ رکشہ میں پھنسنے والا گھوڑا اس وقت تک پھنسا رہا جب تک کوئی بیچ بچاؤ کے لیے نہ آیا۔
تقریباً 20 منٹ بعد جب لوگوں نے رکشہ میں پھنسنے والے گھوڑے کو نکالا تو وہ بھی زخمی تھا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ گزشتہ 3 دنوں سے گھوڑوں کو آپس میں جھگڑا کرتے دیکھ رہے ہیں۔ حکام سے متعدد بار شکایت بھی کر چکے ہیں لیکن اس کا سدِباب نہ ہوسکا۔