کراچی ( اسٹاف رپورٹر) ریڈیو پاکستان کے عقب میں اردو بازار کے قریب نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ،جبکہ فائرنگ کے دیگر واقعات میں 2افراد شدید زخمی ہوگئے ۔تفصیلات کے مطابق پریڈی ریڈیو پاکستان کے عقب میں واقع شہباز پیلس اپارٹمنٹ کی داخلی سیڑھی پر نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کرکے 40سالہ شاز اللہ ولد حاجی ولی داد کوشدید زخمی کردیا اور فرار ہوگئے، جو اسپتال لے جاتے ہووے زخموں کی تاب نہ لاکر راستے میں دم توڑ گیا ،ایس ایچ اورانا امجد کے مطابق مقتول مذکورہ بلڈنگ کے فرسٹ فلور پر رہائش پذیر تھا اور سیڑھیوں سے اپنے فلیٹ جارہا تھا کہ اس دوران ایک ملزم نے فائرنگ کرکے ہلاک کردیا اور ملزم اپنے ساتھی کے ساتھ موٹرسائیکل پر بیٹھ کر فرار ہوگیا ،انھوں نے بتایا کہ مقتول کا تعلق کوئٹہ کے علاقے چمن سے تھا، اسکی صدر میں الیکٹر ونکس کی دکان تھی ،پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی معلومات سے واقعہ ذاتی دشمنی معلوم ہوتا ہے، تاہم مزید تفتیش جاری ہے ۔ادھر شاہ لطیف ٹائون تھانے کی حدود بھینس کالونی یوسف گوٹھ اسٹریٹ نمبر 1میں نامعلوم ملزمان نے گھر میں گھس کر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں 28سالہ فیصل ولد میر خان شدید زخمی ہو گیا،جبکہ ملزمان فرار ہوگئے، زخمی کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا،اس کے سر پر گولی ہے جس کی وجہ حالت تشویشناک ہے ، پولیس کے مطابق واقعہ ذاتی دشمنی لگتا ہے ، تاہم تفتیش جاری ہے۔سپر ہائی وے ملک آغا ہوٹل کے قریب نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے17سالہ امان اللہ ولد حفیظ زخمی ہوگیا پولیس کے مطا بق وہ نامعلوم سمت سے آکر گولی لگنے سے زخمی ہوا اس کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے