اسلام آباد (اے پی پی) دولت مشترکہ پارلیمانی ایسوسی ایشن (سی پی اے) نے مقبوضہ کشمیر میں جاری محاصرے اور اس کی اسمبلی کے تحلیل کی تحقیقات کا فیصلہ کیا ہے، کشمیر اسمبلی دولت مشترکہ کی مستقل رکن ہے۔
اجلاس کے دوران ڈاکٹر فہمیدہ مرزا اور عائشہ غوث پاشا نے دلائل کیساتھ خطاب کیا اور بھارتی مندوبین کی توجہ ہٹانے کی کوشش ناکام بنادی۔
دولت مشترکہ کی پارلیمانی کانفرنس کے پلیٹ فارم پر بین الاصوبائی رابطہ کی وزیر ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے بھارتی مظالم کے خلاف بھرپور آواز اٹھائی اور مقبوضہ جموں کشمیر میں جاری بھارتی ریاستی دہشتگردی ، انسانیت سوز مظالم اور 56دن سے جاری مسلسل کرفیو کی وجہ سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی المیے کا ذکر کرتے ہوئے بھارت کا مکروہ چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب کیا۔
ڈاکٹر فہمید مرزا کے خطاب کے بعد پاکستانی مندوب ایم این اے ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا نے بھی بھارتی قابض افواج کے ذریعہ مقبوضہ وادی کشمیر کے مسلسل محاصرے پر شدید اعتراض کرتے ہوئے وادی کشمیر کو ’’دنیا کی سب سے بڑی اوپن ایئر جیل‘‘ قرار دیا،دوران خطاب بھارتی مندوبین کی جانب سے بے جا مداخلت کے ذریعے دوسرے ممبر ممالک کے مندوبین کی توجہ ہٹانے کی کوشش کی گئی جس کو پاکستانی وفد نے ناکام بنا دیا۔