سکھر (بیورو رپورٹ) آمدن سے زائد اثاثہ جات کے الزام میں گرفتار سید خورشید شاہ کیخلاف نیب کی تحقیقات کا سلسلہ جاری ہے۔ پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والے زبردست خان مہر کو روہڑی کے علاقے علی واہن سے گرفتار کرلیا گیا۔ ذرائع کے مطابق نیب کی ٹیم نے روہڑی کے علاقے علی واہن میں واقع پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والے زبردست خان مہر کی رہائشگاہ پر چھاپہ مارا، وہاں موجود زبردست خان مہر کو گرفتار کرلیا اور بنگلے کے تمام دروازے بند کرکے تلاشی لی گئی۔ نیب کی ٹیم نے ان کی رہائش گاہ سے کچھ کاغذات بھی اپنی تحویل میں لئے ہیں۔ زبردست خان مہر پر محکمہ خوراک میں ہونیوالی کروڑوں روپے کی کرپشن میں ملوث ہونے کا الزام ہے۔ جن کے متعلق کہا جارہا ہے کہ یہ خورشید شاہ اور صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ سید اویس قادر شاہ کے مبینہ فرنٹ مین ہیں۔ جبکہ زبردست خان مہر نے آمدن سے زائد اثاثہ جات کے کیس میں سندھ ہائی کورٹ کراچی سے 16 اکتوبر تک ضمانت بھی حاصل کررکھی تھی۔