مسلم لیگ نون کے رہنما احسن اقبال کاکہنا ہے کہ نواز شریف عمران خان کی حسد کا نشانہ بنے ہوئے ہیں۔
لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے احسن اقبال کا کہنا تھا کہ ہماری قیادت کے خلاف جو انتقامی کاروائیاں جاری ہیں انہیں روکا جائے اور پارٹی قائد میاں محمد نواز شریف کو فوری جیل سے رہا کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ نون ملک میں دوبارہ انتخابات کا مطالبہ کرتی ہے، ملک میں آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کی راہ ہموار کی جائے گی، اس کے لیے ہم تمام جماعتوں سے بات کریں گے۔
احسن اقبال کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت سے نجات کے لیے نون لیگ باقاعدہ مہم کا آغاز کرے گی۔
جے یو آئی ف کے آزادی مارچ سے متعلق احسن اقبال کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ نون جے یو آئی ف کے ساتھ تعاون کرے گی اس سلسلے میں تاریخ کے لیے جے یو آئی ف سے مشاورت کریں گے۔
احسن اقبال نے بتایا کہ ہماری پارٹی کے اکثر اراکین کی رائے ہے کہ آزادی مارچ نومبر میں کیا جائے۔