کراچی(ٹی وی رپورٹ)پروگرام جیو پاکستان میں گفتگو کرتے ہوئے رہنما پاکستان تحریک انصاف سینیٹر فیصل جاویدخان نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے خودکوامت مسلمہ اورمقبوضہ کشمیر کا سفیر ثابت کردیا ہے اقوام متحد ہ میں کشمیر پر عالمی برادری کی توجہ مبزول کرائی جس سے تمام پاکستانیوں کے سر فخر سے بلند ہیں۔ رہنما پیپلزپارٹی سینیٹر شیری رحمان نے کہاکہ حکومت کو کشمیر سے متعلق بین الاقومی سطح پر کوششیں مزید تیز کرنا ہوں گی حکومت تاحال ہر فورم پر متحرک نہیں ہے دنیا بھر میں رہنے والے کشمیریوں کو اپنے ساتھ ملانا ہوگا ۔ وزیراطلاعات کے پی شوکت یوسفزئی ،وزیرزراعت طلب ورسدسندھ اسماعیل راہوبھی گفتگو میں شریک تھے۔برطانیہ میں طلبا کے قیام میں دو سال تک توسیع کردی گئی ہے اس پرماہر تعلیم سید عابدی کا کہنا تھا کہ پوسٹ گریجویشن کرنے کے بعد طلبا کو صرف چھ ماہ کا وقت دیا جاتاتھا جس میں انہیں نوکری تلاش کرناہوتی تھی البتہ اب یہ مدت 2سال تک ہوگی جو کہ خوش آئندہے ۔ فیصلے سے پاکستانی طلباکو فائدہ ہوگا۔اسماعیل راہونے کہا کہ کراچی میں برساتی نالے قبضہ مافیہ کے قبضے میں ہے جس کی وجہ سے نکاسی آب میں مشکلات کاسامنا ہے ۔