• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سول اسپتال کراچی کے نیورولوجی وارڈ سے شراب کی بوتلیں برآمد

سول اسپتال کراچی کے نیورولوجی وارڈ سے پولیس نے چھاپے کے دوران لاکھوں روپے مالیت کے انجکشنز اور شراب کی بوتلیں برآمد کرلیں۔

اسپتال انتظامیہ کی جانب سے کوئی کارروائی نہ کرنے باعث ملزمان کو چھوڑ دیا گیا۔

سول اسپتال کے نیورولوجی وارڈ سے شراب کی بوتلیں برآمد ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔

واقعے پر ایم ایس سول اسپتال نے نیورولوجی کے آر ایم او ایڈمنسٹریشن پر اظہارِ برہمی کرتے ہوئے خط لکھا ہے۔

ایم ایس نے خط میں شراب کی بوتلیں برآمد ہونے پر ملزمان کے خلاف مقدمہ درج نہ کروانے سے متعلق پوچھا ہے، خط میں ڈاکٹر نجم سے دریافت کیا گیا ہے کہ انتظامیہ کو کیوں اس بارے میں آگاہ نہیں کیا گیا۔

دوسری جانب ایم ایس سول اسپتال نے نیورولوجی اور سرجیکل وارڈ کی دواؤں کے آڈٹ کی انکوائری کرانے کا بھی حکم دیتے ہوئے افسران پر مشتمل 3 رکنی کمیٹی بنائی ہے جس میں سربراہ ڈاکٹر غلام حسین بروہی، فارماسسٹ اور اسٹور کیپر شامل ہیں۔

ذرائع کے مطابق سول اسپتال میں عید گاہ تھانے کی چوکی کے انچارج نے 26 ستمبر کو نیورولوجی کے نرسنگ وارڈ میں چھاپا مارا اور سیکیورٹی انچارج کریم خان، فرخ شاہ، خرم اور نوید کودوائیں چوری کرتے ہوئے پکڑا۔

چھاپے کے دوران مختلف اقسام کے لاکھوں روپے مالیت کے 500 انجکشنز برآمد ہوئے، گرفتار ملزمان سے شراب کی 20 بوتلیں بھی برآمد ہوئیں۔

سول اسپتال انتظامیہ نے بغیر کسی قانونی کارروائی کے ملزمان کو چھڑوالیا۔

عید گاہ پولیس کے مطابق ان کے علم میں ایسی کوئی کارروائی نہیں، نہ ہی چوکی سے تھانے میں چوری کے ملزمان لائے گئے۔

تازہ ترین