• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چین کو 70 ویں سالگرہ پر پاکستان کی مبارک باد

چین کی 70 ویں سالگرہ تقریبات میں صدر شی جن پنگ فوجی پریڈ کا معائنہ کر رہے ہیں


عوامی جمہوریہ چین کے قیام کو 70 سال مکمل ہوگئے، اس موقع پر چین کو پاکستان کی جانب سے مبارک باد پیش کی گئی ہے۔

چین کے قیام کے 70 سال کی تکمیل پر بیجنگ میں تیانمن اسکوائر پر شاندار فوجی پریڈ ہوئی جس کے دوران عسکری قوت کا بھرپور مظاہرہ کیا گیا۔

چینی صدر شی جن پنگ، کمیونسٹ پارٹی کے جنرل سیکریٹری سمیت دیگر رہنماؤں نے تقریب میں شرکت کی۔

چینی وزیرِ اعظم لی کیانگ نے تقریب کے آغاز کا اعلان کیا، سب سے پہلے 70 توپوں کی سلامی دی گئی، جس کے بعد نیشنل فلیگ گارڈز نے مارچ کیا، قومی ترانہ بجایا گیا، جس کے بعد چینی صدر نے تقریر کی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چین کے صدر شی جن پنگ نے کہا ہے کہ دنیا کی کوئی طاقت چینی قوم کی بنیادیں نہیں ہلا سکتی، نہ ہی اسے آگے بڑھنے سے روک سکتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ملکی ترقی اور استحکام ہماری اولین ترجیحات ہیں، چین کا مستقبل مزید خوش حال اور مستحکم ہو گا۔

چینی صدر شی جن پنگ نے اپنے خطاب میں اس بات پر زور دیا کہ مقررہ اہداف کے حصول کے لیے مخلصانہ کوششیں جاری رکھنا ہوں گی۔

یہ بھی پڑھیئے: چین میں بین الاقوامی ایوی ایشن، ایرواسپیس نمائش

تیانمن اسکوائر پر ہونے والی تقریب میں 15 ہزار اہلکاروں، ٹینکس، میزائل، ہائی ٹیکنالوجی والے ڈرونز اور ہیلی کاپٹروں نے مختلف مظاہرے کیے۔

ملٹری پریڈ میں نیوکلیئر ٹیکنالوجی کے حامل بین البراعظمی بلیسٹک میزائل ڈی ایف 41 پہلی بار نمائش کے لیے پیش کیے گئے۔

تقریب میں ہائیپر سونک گلائیڈر لانچر ڈی ایف 17 بھی پیش کیا گیا، لڑاکا طیاروں نے انتہائی بلندی پر فضا میں پروازیں کیں۔

چین کی نیشنل ڈے پریڈ میں سب سے بڑے مسافر طیارے C919 ایڈوانس ایئر کرافٹ نے فضا میں پرواز کی۔

اس موقع پر لاجسٹک سپورٹ سامان واٹر ٹینکرز، آئل ٹینکرز، ڈرونز، ایئر ڈیفنس ، اینٹی میزائل گروپ، جدید ارلی وارننگ راڈار، زمین سے فضا تک مار کرنے والے میزائل اور فیلڈ آپریشن ایئر ڈیفنس میزائل نمائش کے لیے پیش کیے گئے

ساحل سے جہاز تک مار کرنے والے اور جہاز سے جہاز سے تک مار کرنے والے میزائلوں کے علاوہ جہاز بردار ایئر ڈیفنس ہتھیار بھی پیش کیے گئے۔

گنز، اینٹی ٹینکس میزائل، اینٹی ٹیرر ازم گاڑیاں، جدید ٹینکس، ہلکے ہتھیار والی گاڑیاں، زیرِ آب ا ور فضائی لڑائی لڑنے والی گاڑیوں کی نمائش بھی کی گئی۔

چین کی ان 70 ویں سالگرہ کی تقریبات کاسلسلہ آج رات تک جاری رہے گا۔

تازہ ترین