راولپنڈی(اپنے رپورٹر سے)محکمہ ماحولیات ضلع راولپنڈی نے ماربل فیکٹریوں اور شاپر بیگز کے خلاف کریک ڈائون کرتے ہوئے50کیسز انوائرمینٹل ٹربیونل راولپنڈی کو بھجوادئیے ہیں۔ڈسٹرکٹ آفیسر ماحولیات ضلع راولپنڈی ناظم ایاز عالم کی ہدایت پرماحولیات کے انسپکٹرانعام الحق اور دیگر عملہ نے ریلوے روڈ پر ماربل فیکٹریوں کے شور اور ویسٹ کو نالیوں میں بہانے کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے35ماربل فیکٹریوں کے چالان انوائرمینٹل ٹربیونل کو بھجوائے ۔جن میں ویسٹریج ،اے ون جمال،اویس،الصغری،عارف،حسن،ماشااللہ،کلیام اور دیگر ماربل فیکٹریاں شامل ہیں۔اسی طرح چکلالہ سکیم تھری،لال کڑتی،غریب آباد اور مورگاہ میں ناقص شاپر بیگ فروحت اور استعمال کرنے والوں کے15چالان کئے گئےجو انوائرمینٹل ٹربیونل کو بھیجے گئے ہیں۔واضح رہے کہ پنجاب انوائر مینٹل پروٹیکشن ایکٹ 2014کے سیکشن 17/2کے تحت ماربل فیکٹری مالکان کو پانچ لاکھ روپے تک جبکہ شاپر بیگ والوں کو پچاس ہزار روپے تک جرمانہ ہوسکتا ہے۔شاپر بیگز والوں کو تین ماہ قید بھی ہوسکتی ہے۔