• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عزیز آباد میں فائرنگ، پی ٹی آئی کا سابق عہدیدار قتل

کراچی کے علاقے عزیز آباد میں موٹر سائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہوگیا، مقتول کی شناخت آصف ہارون کے نام سے ہوئی ہے، جو  پی ٹی آئی کا سابق علاقائی عہدیدار تھا۔

عزیز آباد میں مدنی مسجد کے قریب موٹر سائیکل پر سوار ملزمان نے فائرنگ کی جس سے آصف ولد ہارون موقع پر ہلاک ہوگیا،  آصف ہاورن عرف چکلی صدیق آباد کا رہائشی تھا۔

پولیس کے مطابق مقتول پی ٹی آئی ضلع سینٹرل کا رہنما رہ چکا ہے، ابتدائی طور پر واقعہ ٹارگٹ کلنگ معلوم ہوتا ہے۔

ایس ایس پی سینٹرل عارف رائو کے مطابق ابتدائی تفتیش میں چند نکات سامنے آئے ہیں، جن کے مطابق مقتول ایک فعال بکی تھا، سیاسی طور پر بہت متحرک نہیں تھا، مقتول کے سر میں گولی ماری گئی، موقع سے تیس بور پستول کے دو خول ملے ہیں، مقتول عصر کی نماز اسی مسجد میں پڑھتا تھا۔

عارف اسلم رائو کا کہنا ہے کہ اطلاعات کے مطابق مقتول کے پاس خود بھی اسلحہ ہوتا تھا، لیکن واردات کے وقت مقتول کے پاس اسلحہ نہیں تھا۔

وزیر اعلیٰ سندھ اور آئی جی سندھ نے متعلقہ افسران سے واقعہ کی رپورٹ طلب کی ہے، جبکہ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے کنوینر خالد مقبول صدیقی، پی ٹی آئی سندھ کے صدر حلیم عادل اور پی ایس پی کے رہ نما آصف حسنین نے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے اسے شہر کے امن کےخلاف سازش قرار دیا ہے۔


تازہ ترین