• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈینگی کا وبائی شکل اختیار کرنا حکومت کی نااہلی ہے، ایم کیو ایم

کر اچی( اسٹاف رپورٹر) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے اراکین سندھ اسمبلی نے کراچی میں ڈینگی وائرس وبائی شکل اختیار کرنے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے سندھ حکومت کی نااہلی قرار دیا اور کہا کہ گز شتہ روز کر اچی میں 115نئے ڈینگی کیسیز سامنے آئے جس سے روا ں برس ڈینگی وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 4ہزار 151سے تجاوز کرچکی ہے درجنوں افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں لیکن سندھ حکومت کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگ رہی، ایم کیو ایم پاکستان کے اراکین سندھ اسمبلی نے کہا کہ شہر کر اچی کچرے کا ڈھیر بنا ہوا ہے سندھ حکو مت نہ تو خود کچرا اٹھا رہی ہے اور نہ ہی بلدیاتی ادارو ں کو اختیار اور وسائل فراہم کر رہی ہے تاکہ وہ شہر کی صفائی میں اپنا کردار ادا کرسکیں، گندگی کے باعث مچھروں کی افزائش کی بہتات ہے سندھ حکومت اپنے ذمہ داری سے مسلسل پہلو تہی کر رہی ہے جس کے باعث شہریوں کی زندگی اجیرن بن کر رہ گئی ہے برسات سے پہلے نہ صفائی کی گئی اور نہ ہی بعد میں اور نہ ہی کیڑے مار ادویات کا اسپرے بھی شہر میں نہ ہوسکا جس کے باعث امراض پھیل رہے ہیں اراکین سندھ اسمبلی نے گورنر سندھ، وزیر اعظم پاکستان اور صدر پاکستان سے مطالبہ کیا کہ شہر کراچی کی بگڑتی ہوئی صورتحال کا نوٹس لیں اور شہریو ں کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے ضروری اقدامات اٹھائے جائیں ۔

تازہ ترین