لاہور (نمائندہ جنگ) مسلم لیگ ن کے سیکریٹری جنرل احسن اقبال نے کہا ہے کہ آج شہباز شریف پارٹی قائد نواز شریف سے ملاقات کرکے رہنمائی لیں گے اور مولانا فضل الرحمٰن کے دھرنے میں شرکت کا حتمی فیصلہ نواز شریف ہی کریں گے۔
عمران خان کو ملک کی نہیں صرف اپوزیشن کوجیلوں میں ڈالنے کی فکر ہے، انکے وزراء کے بیانات سے اشتعال پیدا ہونے کا خطرہ ہے ۔
گزشتہ روز ماڈل ٹائون سیکریٹریٹ میں مسلم لیگ (ن)کااعلیٰ سطحی مشاورتی اجلاس پارٹی صدر شہباز شریف کی زیر صدارت ہوا جس میں آزادی مارچ میں شرکت کے حوالے سے حتمی سفارشات تیار کی گئیں۔
شہباز شریف آج کوٹ لکھپت جیل میں نواز شریف سے ملاقات کرکے آئندہ لائحہ عمل کیلئے رہنمائی حاصل کرینگے ۔
اجلاس میں رہنمائوں نے معیشت کی ابتری اور مہنگائی میں اضافے پر تشویش کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے ترقی کو ریورس گئیر لگادیا ہے ۔
اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہاکہ موجودہ حکومت نے عوام کو سبز باغ دکھائے ۔
حکومت کی ناقص اورغیر دانشمندانہ پالیسیوں کی وجہ سے عوام کے صبر کاپیمانہ لبریز ہوگیا ہے۔