• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان منافع بخش انٹرپرینورشپ کیلئے بہترین ملک ہے، نفیس زکریا

لندن(نیوز ڈیسک) برطانیہ میں پاکستانی ہائی کمشنر محمد نفیس زکریا نے کہا ہے کہ اپنے ہنر مند انسانی وسائل اسٹراٹیجک جغرافیائی مکانیت اور باافراط اقتصادی مواقعوں نے پاکستان کو خطہ میں منافع بخش انٹرپرنیورشپ اور بزنس وینچرز کے لئے انتہائی موزوں حیثیت دلوادی ہے۔ وہ ہائی کمیشن اور جمپ سٹارٹ پاکستان کی جانب سے مشترکہ طورپر منعقدہ ایک روڈ شو سے خطاب کررہے تھے۔ 8اکتوبر 2019 کو ہائی کمیشن پر منعقدہ اس ایونٹ میں بڑی تعداد میں برٹش ٹیک اینڈ آئی ٹی پروفیشنلز، انٹرپرونیورز، بینکرز، ہیلتھ پروفیشنلز، زرعی ماہرین اور ٹورازم انڈسٹری کے نمائندوں نے شرکت کی۔واضح رہے کہ ’’جمپ سٹارٹ پاکستان‘‘ ایک انٹرپرنیورل تحریک ہے جس کا بنیادی مقصد ملک میں نوجوانوں ہنر مند لوگوں کی مشاورت اور سرپرستی کرتے ہوئے انٹرپرنیورشپ کے ذریعے پاکستان میں آئی ٹی اور معیشت کے دوسرے شعبوں میں مواقعوں کو روشناس کرانا ہے۔ چیئرمین جمپ سٹارٹ امجد پرویز، بانی و سی ای او خرم زبیری، سنیئر نائب صدر سید اسد حسین اور ایباقریشی نے اپنی نگارشات پیش کیں اور شرکا کو اپنے اور مسقبل کے منصوبوں پر بریفنگ دی۔ یہ روڈ شو پاکستان میں سرمایہ کاروں کو راغب کرنے اور پاک برطانیہ دو طرفہ تجارت اور انٹرپرنیورشپ کو فروغ دینے کے لئے ٹیک اقدامات کے مطابق منعقد کیا گیا تھا۔ ہائی کمشنر نے پاکستان میں انٹرپرنیور شپ کی وسعت اور زبردست مواقعوں پرروشنی ڈالی اور شرکا کو حکومت کی سرمایہ کاری اور بزنس دوست پالیسیوں پر بریف کیا۔ انہوں نے شرکا کو اس حقیقت سے بھی آگاہ کیا کہ بین الاقوامی بزنس فرمس پاکستان میں منافع بخش کاروبار کررہی ہیں اور ملک میں مستقبل قریب میں کئی دوست ممالک کی جانب سے ملٹی بلین سرمایہ کاری ہونے والی ہے انہوں نے بتایا کہ یہ سرمایہ کاری چائنا، پاکستان اکنامک کوریڈور فلیگ شپ کے تحت ہونےوالی 62بلین ڈالر کی سرمایہ کاری کے علاوہ ہے۔

تازہ ترین