کراچی میں پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما تاج حیدر کے گھر ایک بار پھر چوری کی واردات ہوگئی، ان کے گھر لگاتار 3 ماہ میں چوری کی یہ تیسری واردات ہے۔
پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما تاج حیدر نے بتایا کہ جب وہ پارٹی کے اجلاس سے واپس آئے تو گھر کا تالا کٹا ہوا تھا اور گھر کے اندر سامان بکھرا ہوا تھا۔
یہ بھی پڑھیے: تاج حیدر کےگھر چوری کی دوسری واردات
انہوں نے بتایا کہ گزشتہ 2 وارداتیں بھی 9 تاریخ کو ہوئی تھیں اور اس بار بھی یہ تیسری واردات 9 تاریخ کو ہی ہوئی ہے۔
تاج حیدر نے بتایا کہ ملزمان گھر کے تالے کاٹ کر گھر میں داخل ہوئے، پارٹی اجلاس سے واپس آیا تو پورا گھر بکھرا پڑا تھا، تیسری بار پولیس کو اطلاع دی گئی ہے پر پولیس تاحال ملزمان کو گرفتار نہیں کرسکی۔
گھر میں تیسری چوری کے واقعے کا مقدمہ تاج حیدر کی مدعیت میں گزری تھانے میں درج کر لیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان تاج حیدر کے گھر سے کوئی قیمتی چیز لے کر نہیں گئے، واقعے کے وقت گھر میں کوئی نہیں تھا جبکہ تاج حیدر کی اہلیہ بھی اپنی والدہ کے گھر میں تھیں۔