• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شاید ہی ایسا کوئی کچن ہو، جس میں شیلف یا کیبنٹس نہ بنی ہوں۔ آجکل کھلی شیلف بنوانے کا رجحان ہے، تاہم اگر شیلف بند بھی ہوں تو ان کے نت نئے ڈیزائن دستیاب ہیں۔ کھلی شیلف کو نصب کرنااور انہیں استعمال کرنا آسان ہوتاہے کیونکہ ان کو کھولنے اور بند کرنے کی فکر بھی نہیں رہتی۔ 

شیلف کسی بھی کچن کو کشادہ اورہوا دار بناتے ہیں۔ اس کے علاوہ یہ سجاوٹی اشیا کو ظاہر کرنے اور دیواروں پر ہلکے خوبصورت رنگوں کو متعارف کرانے کا موقع بھی فراہم کرتے ہیں۔ آئیے جانتے ہیں کہ شیلف کے حوالے سے کیا کچھ نیا ہے۔

شیلف کی سجاوٹ

آپ اپنے کچن میں سستے، خوبصورت اور سجاوٹی ڈیزائن والے شیلف تیار کرسکتے ہیں۔ شیلف کو دلکش بنانےکے لئے آپ ان پر پینٹنگز کرسکتے ہیں جبکہ برتن اور سجاوٹی گلدان وغیرہ نمائش کے لئے رکھ سکتے ہیں۔ کچن کو منفرد انداز دینے کے لئے اپنی مرضی اور پسند کا خوبصورت فرنیچر بھی شامل کیا جاسکتا ہے، جس سے کچن میں دلکشی اور انفرادیت آجاتی ہے۔

اسکینڈے نیوین شیلف

لکڑی سے بنے شیلف ہمیشہ ہی خوبصورت نظر آتے ہیں۔ ان پر برتنوں کا ڈھیر لگا دیا جائے تو بھی یہ شور نہیں کرتے، اس طرح آپ کچن میں پرسکون ہو کر کام کرتے ہیں۔

ہینگنگ شیلف

ہینگنگ شیلف کا آئیڈیا ہانگ کانگ سے آیا ہے۔ یہ چھوٹے کچن میں کشادگی کا احساس پیدا کرنے کا جدید طریقہ ہے۔ ہینگنگ شیلف آپ صرف کچن میںہی نہیں ، بلکہ گھر میں کہیں بھی لگا سکتے ہیں، خاص طور پر کتابیں یا شوپیس رکھنے کے لیے یہ ایک عمدہ خیال ہوسکتاہے۔ اگر آپ منفرد اسٹائل کے شیلف پسند کرتے ہیں تو مضبوط اور مکمل طور پر ہُک کے ساتھ بندھے ہوئے شیلف آپ کو بہت پسند آئیں گے۔

خوبصورت اوپن شیلف

سیاہ رنگ کے اوپن شیلف کچن میں حقیقی تاثر پیدا کرنے کے لئے استعمال کیے جاسکتے ہیں۔ سیاہ پسِ منظرکے ساتھ سفید رنگ کی کیبنٹس عمدہ کنٹراسٹ پیدا کرتی ہیں، جو کچن کو دلکش بناتی ہیں۔

روشن پسِ منظر کے ساتھ شیلف

کچن میں روشن پس منظر والے شیلف کو عموماً بہت پسند کیا جاتا ہے۔ کچن کا جدید اسٹائل ایسے شیلف کو مزید خوبصورت بناتا ہے۔ جہاں تک روشنیوں کے رنگو ں کی بات ہے تو وہ آپ کے ذوق اور مزاج پر منحصر ہے۔

سہاروں پر کھڑے منفرد شیلف

کچن کی شیلف ڈیزائننگ میں سہاروں پر بنے شیلف ہمیشہ قابلِ توجہ رہے ہیں۔ منفرد اقسام اور اشکال کے شیلف کی قطاریں خوبصورت منظر پیش کر تی ہیں اور جدید طرز پر بنے کچن میں ایک دلکش اضافہ ثابت ہو تی ہیں۔

نیلے شفاف پلاسٹک کے شیلف

نیلے شفاف پلاسٹک کے شیلف کچن میں زبردست تاثر پیدا کرتے ہیں۔ مناسب چوڑائی اور شفاف مواد سے بنے شیلف ایک چھوٹے کچن کو بھی چار چاند لگا سکتے ہیں۔

دھاتی شیلف

دھاتی شیلف بہت مقبول ہیں کیوںکہ یہ بآسانی صاف ہو جاتے ہیں۔ اسی وجہ سے دھاتی شیلف کا انتخاب ہمیشہ اِن رہا ہے۔ آپ مارکیٹ میں موجود دلکش دھاتی ا سٹائل کے شیلف کا انتخاب کرسکتے ہیں۔

دراز کے اندر دراز

ہم جانتے ہیں کہ کچن میں جگہ کا مسئلہ ہمیشہ ہی رہتا ہے۔ اس لئے آپ کو ہر شیلف، کیبنٹ اور دراز سے فائدہ اٹھانا چاہئے۔ اب جدید درازیں ٹو اِن ون اسٹائل میں بھی آرہی ہیں، جس میں آپ اپنی سہولت سے چیزیں رکھ سکتے ہیں۔ کم جگہ کو استعمال میں لاتے ہوئے زائد چیزوں کو اسٹور کرنے کیلئے یہ بہترین اور اسٹائلش انداز ہے۔

اسپیشل درازیں

چٹنیوں، مربّوں، کھانا پکانے کے تیل، جڑی بوٹیوں اور مسالوں کی بوتلوں کیلئے جگہ بنائیں تو ان میں بھی ذوق اور آرائش کا خیال رکھیں۔لہٰذا بوتلیں رکھنے والی ایک خصوصی درازیں لگوائیں، اس میں خانے ہونے کی وجہ سے سب کچھ صاف بھی رہتاہے اور انہیں استعمال کرنے میں آسانی بھی ہوتی ہے۔

جدید کوڑا دان

کوئی بھی اپنے کچن میں کچرے سے بھرا ہوا ڈبہ پسند نہیں کرتا، لیکن اگر کوڑا دان معقو ل اور مختلف خانوں والا ہو جو اُوپر سے بند اور خوشنما بھی ہو توزیادہ بُرا نہیں لگے گا ۔ اس کیلئے آپ استعمال شدہ کارٹن کو بھی کام میںلاسکتے ہیں، جس سے جگہ نہیں گھرے گی او ر ایک تیر سے دو شکا رہو جائیں گے۔

مختلف انداز کے تختے

آپ اپنے کچن میں لکڑی کے تختوں کا استعمال بھی کرسکتے ہیں، یہ پرانی کیبنٹس کی جگہ لے سکتے ہیں۔لکڑی کے تختے تھوڑے پرانے لگ سکتے ہیں لیکن باورچی خانے کی سجاوٹ کو مختلف انداز دینے کے لیے مثالی ہیں۔ یہ کچن کو کشادہ دکھانے میں بھی کارگر ہوتے ہیں۔ 

تازہ ترین