• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چاہے آپ گھر کی تزئین و آرائش کروارہے ہوں یا پھر سجاوٹ میں تبدیلی کا ارادہ رکھتے ہوں، شیشوں کی بدولت کسی بھی جگہ کی سادگی کو حسن اور رعنائی بخشی جاسکتی ہے۔ یہ بطور آئینہ تو کہیں بطور سجاوٹ استعمال کیے جاتے ہیں۔ انٹیریئر ڈیزائننگ کے ایک ماہر کے مطابق لیونگ روم کی سجاوٹ اس وقت تک مکمل نہیں ہوتی جب تک ایک خوبصورت سا آئینہ شاندار انداز میں وہاں نصب نہ کردیا جائے۔ 

گھر کاکوئی بھی حصہ ایسا نہیں ہے، جہاں شیشے اس کی چکاچوند میں اضافے کا باعث نہ بنیں، چاہے وہ آپ کے گھر کا داخلی راستہ ہو، سیڑھیاں ہوں، باتھ روم، بیڈروم یا لیونگ روم، حتیٰ کہ کچن بھی اس منفرد طرز سجاوٹ کے ذریعے دلکشی اور کشادگی کا احساس بیدار کیے رکھتا ہے۔ آج شیشوں کے کچھ غیرمعمولی اسٹائلز پر با ت کرتے ہیں، جن کا استعمال عام طور پر گھروں میں نہیں دیکھا جاتا۔

ڈائننگ روم

شیشوں کے ساتھ سجاوٹ کا آغاز ڈائننگ روم سے کیجیے کیوں کہ یہاں عام طور پر لوگ ڈائننگ ٹیبل اور کرسیوں پر زیادہ توجہ دیتے ہیںلیکن آپ ان کے ساتھ ساتھ شیشوں کے فریمز کے بارےمیں بھی سوچیے۔ چوکور شکل کے شیشے کے چند فریمز یا پھر قد آور انداز میں لگا ایک ہی آئینہ ڈائننگ روم کا نقشہ بدل دے گا۔ 

آپ کی سادہ سی ڈائننگ ٹیبل بھی شیشے کے ان چند فریمز کے ساتھ جچے گی لیکن فریمز کے اسٹائل کا انتخاب عقلمندانہ انداز میں کیجیے۔ فوڈ سائیکالوجسٹ کے مطابق کھانے کے کمرے میں لگا شیشہ موٹاپے سے نجات حاصل کرنے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔ آئینے کی موجودگی میں کھانا کھاتے ہوئے اپنا عکس نظر آتاہے، جو اس بات کو چیک کرنے میں مدد دیتا ہےکہ آپ کیا کھارہے ہیں اورکتنا کھارہے ہیں۔

لیونگ روم

لیونگ روم کے لیے کوارٹیٹ اسٹائل (Quartet Style)آئینہ مناسب رہے گا کیوں کہ یہ گھر کا وہ حصہ ہے جہاں کی سجاوٹ کے ذریعے مہمان آپ کی شخصیت کا اندازہ لگاتے ہیں۔ لیونگ روم میں فرشی آئینے یا دیوار پر لگے چھوٹےسے آئینے کا اسٹائل اب پرانا ہوگیا ہے، لہٰذا آپ لیونگ روم کی مرکزی دیوار پرایک یا دو نہیں بلکہ چار قد آور آئینوں کا اضافہ ایک ہی سمت میں کیجیے اور گھر آنے والوں سے داد وصول کیجیے۔

ڈریسنگ روم

ڈریسنگ روم تمام گھروں کی اہم ضرورت بنتے جارہےہیں، وہیں شیشوں کے بغیر ان کا تصورہی نامکمل ہوتا ہے۔ لباس زیب تن کرنے کے بعد جب تک خود کو آئینے میں نہ دیکھ لیا جائے، تسلی نہیں ہوتی۔ ڈریسنگ روم کیلئے سلائیڈنگ ڈور کے بجائے شیشے کی دیوار بنوانے کے بارے میں غور کریں۔ شیشے کی دیوار آپ کے ڈریسنگ روم کی مرکزی دیوار کے سامنے ہو، تاکہ داخلے کے ساتھ ہی آپ کی ستائش بھری نگاہ خود پر پڑے۔

ماڈرن کچن

ایسے کچن بہت ہی کم ہوںگے، جہاں منفرد انداز میں شیشوں کا استعمال بطور سجاوٹ کیا گیا ہو۔ عام طور پر لوگ کچن کی سجاوٹ میں شیشوں کا استعمال کرنے سے کتراتے ہیں لیکن آپ اپنے ماڈرن کچن کی سجاوٹ میں شیشوں کا اضافہ ضرور کیجیے۔ 

کچن میں شیشوں کا استعمال فرشی آئینوں کی صورت کیا جاسکتا ہے۔ کچن کی داخلی دیوار کے لیے چوکور شکل کا بڑا اور نفیس سا شیشہ منتخب کیجیے۔ کچن کی دیوار پر نفیس آئینے کی تنصیب سے سامنے والے حصے کا عکس دیدہ زیب اور بڑا دکھائی دے گااور آپ کا کچن کشادہ محسوس ہوگا۔

بیڈروم

بیڈروم میں شیشوں کی تنصیب کے لیے کلاسیکل اسٹائل بہترین ہے۔ اگر آپ کے بیڈروم میں گہرا رنگ کیا گیا ہے تو اس میں بڑے سائز کے ایک شیشے کے بجائےگول شکل کے3نفیس اور سادہ شیشے بیڈ کے ہیڈبورڈ کی اوپری سطح پر نصب کردیں۔ یہ شیشے آپ کے کمرے کو جدید اور کلاسیکل دونوں انداز میں ڈھال دیں گے۔

کارنر وال

کارنروال ہر گھر میں کسی نہ کسی صورت ضرور نظر آتی ہے۔ کہیں یہ وال سیڑھیوں کی تنصیب کے لیے یا پھر لائبریری شیلف کے طورپر یا بطور سجاوٹ بنوائی جاتی ہے۔ اس وال کے نچلے حصے کو اسٹوریج کے طور پر تو سب ہی استعمال کرتے ہیں، آپ اس دیوار کو چوکور شیشوں پر مبنی گیلری کے لیے بھی مختص کرسکتے ہیں۔ 

اس دیوار کو مختلف سائز اور ڈیزائن کے شیشوں سے بھردیں۔ ان شیشوں کا رنگ آپ کی دیوار پر ہوئے رنگ وروغن جیسا ہونا چاہیے، مثلا ًسفید دیوار کے لیے سفید فریمنگ والے شیشوں کا انتخاب کیجیے تاکہ یہ کلاسک اور ماڈرن لک دے۔

تازہ ترین