• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسفند یار ولی کا آزادی مارچ کی حمایت کا اعلان

عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے سربراہ اسفند یار ولی نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے آزادی مارچ کی حمایت کا اعلان کردیا۔

اسفند یار ولی نے صوبائی کونسل کے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ 27 اکتوبر کو کسی سیاسی ورکر پر تشدد کیا گیا تو اے این پی وزیراعلیٰ سے جواب لے گی۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن سلیکٹڈ حکومت کا خاتمہ اور نئے شفاف انتخابات چاہتی ہے۔

اے این پی سربراہ نے صوبائی تنظیموں کو مولانا فضل الرحمٰن کے ساتھ تعاون کا طریقہ کار وضع کرنے کی ہدایت بھی کی۔

ان کا کہنا تھا کہ لانگ مارچ اسلام آباد پہنچے گا تو میں خود بھی شرکت کروں گا۔

اسفند یار ولی نے خطاب میں یہ بھی کہا کہ ایکشن ان ایڈ سول آرڈیننس مارشل لاء کے مترادف اور آئین کی خلاف ورزی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سلیکٹڈ وزیراعظم کے ذریعے اٹھارویں آئینی ترمیم کو رول بیک کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔

اے این پی سربراہ نے کہا کہ ہم مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں چاہتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ شریف اور زرداری خاندانوں کو نیب کے ذریعے ٹارچر کیا جا رہا ہے، کیا چیئرمین نیب کو بی آر ٹی، بلین ٹری پراجیکٹ او مالم جبہ اسکینڈلز نظر نہیں آ رہے؟

اسفند یار ولی نے مزید کہا کہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی 7 فیصد مزید مہنگائی کی پیشن گوئی خطرے سے کم نہیں۔

تازہ ترین