• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان بے فکری، سری لنکا بے جگری سے کھیلا، گوناتھلاکا، فتح سینئرز کو آنے پر راضی کرسکتی ہے

  کولمبو (جنگ نیوز)پاکستان کا دورہ کرنے والی سری لنکن کر کٹ ٹیم کے اوپنرگونا تھلاکا نے کہا ہے کہ ٹی 20 سیریز میں نوجوان پلیئرز کی شاندار کارکردگی اور فتح سینئر کھلاڑیوں کو ٹیسٹ سیریز کیلئے پاکستان آنے پر راضی کرسکتی ہے کیونکہ نوجوانوں کی مستقل مزاجی تجربہ کار پلیئرز کی جگہ مشکل میں پڑنے کا امکان ہے ۔ان کاکہنا تھا کہ ہوم سیریز میں پاکستان ٹیم بے فکری جبکہ ہمارے نوجوان کھلاڑی بے جگری سے کھیلے۔ انہوں نے واضح طور پر کہا کہ ان کے بورڈ نے دورہ پاکستان کے لئے کسی کھلاڑی پر دبائو نہیں ڈالا۔ کرکٹ ویب سائٹ کو انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ بورڈ اور وزیر نے کہا تھا کہ انہیں یقین ہے کہ جانا ٹھیک ہے ، اور ہمیں اس مشورے پر اعتماد کرنا چاہئے۔ لیکن انہوں نے ہر کھلاڑی کے فیصلوں کا احترام کیا۔ اچھی بات یہ ہے کہ کچھ کھلاڑیوں کو اس سیریز سے سیکھنے کے مواقع ملے، انہوں نے یہ دکھایا کہ وہ سری لنکا اور عالمی کرکٹ کے لئے کیا کرسکتے ہیں۔ اب یہ ٹیم مضبوط ہورہی ہے کیونکہ سب کو اپنی جگہ کے لئے لڑنا ہے، سینئرز کے نہ آنے پر اس ٹیم کو سری لنکا کی بی ٹیم قرار دیا گیا، پاکستان میڈیا میں بھی ایسے ہی تبصرے کئے گئے۔ نامور کھلاڑیوں کی عدم موجودگی کو ٹکٹوں میں شائقین کی دلچسپی نہ ہونے کے جواز کے طور پر استعمال کیا گیا۔ لیکن میں کہہ سکتا ہوں یہ ہماری دوسری ٹیم نہیں ہے،صرف چند کھلاڑی نہیں آئے تھے۔ دراصل کشال پریرا انجرڈ تھے، اینجلو میتھیوز سری لنکا کی آخری ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلنے والی ٹیم میں شامل نہیں تھے، اس طرح دیکھا جائے تو صرف نروشن ڈکوویلا اور لاستھ ملنگا نے پاکستان آنے سے انکار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس دورہ میں ہمیں کچھ چیلنج بھی تھے، ہوٹل اچھا تھا، لیکن میں ایک بار بھی باہر نہیں گیا تھا، بورڈ چاہتا ہے کہ دوسری ٹیمیں اس ملک میں آئیں اور کرکٹ کھیلیں۔ شاید اگلی بار ہم باہر جاسکتے ہیں ، لیکن کچھ کھلاڑی خوفزدہ ہیں۔ انہوں نے پاکستانی حکام کو مشورہ دیا کہ ٹیسٹ کرکٹ بحال کرنے کیلئے کھلاڑیوں کو نسبتاً زیادہ آزادی دی جائے، ایسا نہیں ہوسکتا ہے کہ پانچ دن مسلسل میدان میں کھیلیں اور پھر ہوٹل منتقل ہوجائیں، یہ ناممکن ہے اور مناسب بھی نہیں، بہرحال پاکستانیوں کی مہمان نوازی مہمان نوازی حیرت انگیز تھی۔ ہوائی اڈوں ، ہوٹل میں بھر پور سیکیورٹی تھی جس میں فوجی دستے بھی شامل تھے، بہت سارے ہیلی کاپٹر آسمان پر دکھائی دے رہے تھے، مجھے نہیں لگتا کہ انہوں نے اس سیریز سے پیسہ کمایا ہے۔ ہم پاکستان کے لئے واقعی افسردہ ہیں۔ سری لنکا میں حال ہی میں ایک دہشت گرد حملے میں 300 افراد ہلاک ہوگئے، اگر ہر ٹیم یہ کہے کہ وہ سری لنکا نہیں آنا چاہتی تو کیا ہوگا؟ یہ بھی کہیں بھی ہوسکتا ہے۔ نیوزی لینڈ میں بھی دہشتگردی کا واقعہ ہوا۔ میڈیا نے مجھ سے ٹیسٹ سیریز کے بارے میں پوچھا۔ میرا خیال ہے کہ آپ پانچ دن نہیں کھیل سکتے ، ہر شام کمرے میں آسکتے ہیں اور مسلسل پانچ دن صبح گراؤنڈ میں جا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے کہا کہ موجودہ نوجوان پلیئرز کو مزید موقع نہ دینا ناانصافی ہوگی، کیونکہ انہوں نے نیوزی لینڈ کےخلاف کھیلنے والے نامی گرامی کھلاڑیوں سے زیادہ اچھی کارکردگی دکھائی ہے۔

تازہ ترین