• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دنیا کو مقبوضہ کشمیر کی ابتر صورتحال نظر نہیں آتی، کونسلر صبیحہ خان

بریڈ فورڈ (محمد رجاسب مغل) دنیا بھر میں لڑکیوں کا عالمی دن "گرل فورس، غیر اسکرپٹڈ اور نہ رکنے والا" کے موضوع کے ساتھ منایا گیا ۔یہ دن لڑکیوں کی کامیابیوں اور بیجنگ اعلامیہ اور پلیٹ فارم فار ایکشن کو اپنانے کے بعد سے ان کے حاصل کردہ بہت سارے سنگ میل کے جشن کے طور پر بھی منایا گیا۔ اس بات کا اعادہ کیا گیا کہ بچیوں کی تعلیم تک رسائی، غذائیت، قانونی حقوق، طبی نگہداشت اور امتیازی سلوک سے تحفظ، خواتین کے خلاف تشدد اور جبری شادیوں کا بین الاقوامی سطح پر نوٹس لیا جائے۔ اس موقع پر کونسلر صبیحہ خان نے کہا کہ وہ برٹش مسلم وومن فورم کے پلیٹ فارم سے کشمیر میں جاری محاصرے کی مذمت کرتی ہیں جہاں خواتین اور بچیاں بری طرح متاثر ہیں، دنیا اور انسانی حقوق کی تنظیمیں لڑکیوں کی تعلیم اور آزادی کی تو بات کرتی ہیں مگر کشمیر میں انہیں یہ سب کچھ نظر نہیں آتا بھارتی بربریت جس نے کشمیری عوام کو ان کے بنیادی انسانی حقوق سے محروم کررکھا ہے۔ خاص طور پر خواتین اور بچے جو اسکول نہیں جاسکتے ہیں اور صحت کی بنیادی سہولیات تک رسائی حاصل نہیں کرسکتے ہیں۔ عالمی برادریوں کو اس سے نمٹنے کے لیے مل کر کام کرنا چاہئے اور ہندوستانی حکومت سے اس غیر انسانی اقدام کو ختم کرنے کی اپیل کی جائے۔ سابق کونسلر کنیز اختر نے کہا کہ یہ افسوس کی بات ہے کہ بچیوں کے عالمی دن کے موقع پر نوجوان لڑکیوں اور خواتین کو بااختیار بنانے کا جشن منایا جا رہا ہے مگر دوسری طرف کشمیر میں خواتین اور بچیوں کا استحصال ہورہا ہے ،دنیا اس پر تماشائی بنی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنی پارٹی اور ہر فورم پر اس سلسلے میں اپنی آواز بلند کرتی رہیں گی۔ انہوں نے برطانیہ کی موجودہ حکومت کی مجرمانہ خاموشی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے انتہائی تشویش ناک قرار دیا۔ جموں کشمیر کے عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے یونین اور لیبر پارٹی کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ لیبر پارٹی کشمیر یوں کو ان کے اپنے حق خودارادیت پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لئے اپنا کام جاری رکھے گی۔
تازہ ترین