مظفر گڑھ میں مشیرِ وزیرِ اعلیٰ پنجاب سردار خرم لغاری کی کار پر نامعلوم افراد کی جانب سے فائرنگ کی گئی تاہم وہ واقعے میں محفوظ رہے۔
خاندانی ذرائع کے مطابق مظفر گڑھ کے علاقے شاہ جمال کے قریب نامعلوم افراد نے مبینہ طور پر مشیرِ وزیرِ اعلیٰ پنجاب سردار خرم لغاری کی گاڑی پر فائرنگ کی۔
خرم لغاری لاہور سے تحصیل جتوئی واپس آ رہے تھے، ان کے خاندانی ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ فائرنگ کے دوران سردار خرم لغاری نے لائٹیں بند کر کے گاڑی بھگا دی جس کے باعث وہ اور ان کی گاڑی محفوظ رہی۔
دوسری جانب پولیس ترجمان وسیم خان گوپانگ کے مطابق مشیرِ وزیرِ اعلیٰ پنجاب سردار خرم لغاری کی جانب سے پولیس کو مطلع کیے جانے کے بعد ڈی ایس پی صدر، ایلیٹ فورس، تھانہ شاہ جمال اور تھانہ خان گڑھ کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ گاڑی پر بھی فائرنگ کا کوئی نشان نہیں ہے تاہم واقعے کی تحقیقات کی جائے گی۔
پولیس علاقے کے رہائشیوں سے معلومات اور شواہد اکٹھے کر رہی ہے۔