• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈگری میں گزشتہ چند روزکے دوران مختلف واقعات میں پانچ افراد زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھے جن میں ایک خاتون بھی شامل ہے۔ان میں سے ڈگری کی نوجوان شادی شدہ دوشیزہ اپنے شوہر کے ہاتھوں قتل ہوگئی تفصیلات کے مطابق ڈگری کی الہ آباد کالونی کے رہائشی محمداسلم آرائیں کی بیٹی فوزیہ آرائیں کی دوسری شادی ٹنڈو الہ یارکی لطیف کالونی کے رہائشی مبشر آرائیں سے تقریباً سوا سال قبل ہوئی تھی۔ پہلے شوہر سے فوزیہ کا ایک بیٹا بھی تھا۔

شادی کے بعد اسے شوہر اور سسرالیوں کی جانب سے ناگفتہ بہ صورت حال کا سامناکرنا پڑا۔ اس کاشوہر اپنے بھائی بہنوں اور ماں باپ کے ساتھ مل کر اس پر جسمانی تشدد کرتا تھا، لیکن وہ یہ ظلم و ستم سوا سال تک برداشت کرتی رہی۔ وقوعے کے روز رات کے وقت کسی بات پر مشتعل ہوکر فوزیہ آرائیں کو مبینہ طوراس کے شوہر اور سسرالیوں کی جانب سےاتنا زدوکوب کیا گیا کہ وہ زندگی کی بازی ہار گئی۔

فوزیہ کے والد محمد اسلم آرائیں، چچا اختر آرائیں اور بھائی زاہد آرائیں کے مطابق29ستمبر کی شب فوزیہ کے سسرال والوں کی طرف انہیں اس کے مرنے کی اطلاع دی گئی۔ وہ فوری طور پر ٹنڈو الہ یار پہنچےاور انہوں نے اپنی بچی کی لاش دیکھی تو انہیں متوفیہ کے جسم پرتشدد کے نشانات نظر آئے ، انہوں نے اس کے بارے میں مقتولہ کے سسرال والوں سے پوچھ گچھ کی لیکن وہ کوئی جواب نہیں دے سکے۔ جس پرانہوں نے ٹنڈوالہیار کے بی سیکشن تھانے پر فوری اطلاع دی۔ 

جس پر پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر لاش اپنی تحویل میں لے کر اسپتال پہنچائی ، جہاں اس کا پوسٹ مارٹم کیا گیا۔ پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق مقتولہ پر بہیمانہ تشدد کرنےکے علاوہ بعدازاں اسے زہر بھی دیا گیا ۔ مقتولہ فوزیہ کے بھائی کی جانب سےاس کے شوہر مبشر آرائیں اور اس کے بڑے بھائی مدثر آرائیں کے خلاف زیردفعہ 302 کے تحت ایف آئی آر درج کرائی گئی، جس کے بعد پولیس نے مقتولہ کے شوہر مبشر کو گرفتار کر لیا جب کہ مقدمے میں نامزد دوسرا ملزم مقتولہ کا جیٹھ مدثر فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا ۔ پولیس نے خاتون کے قتل کے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہے۔ جبکہ مقتولہ فوزیہ آرائیں کو ڈگری میں سپرد خاک کر دیا گیا ۔

ڈگری کے دو رہائشی کراچی سے واپس جاتے ہوئے ٹریفک حادثے کا شکار ہوگئے، جن میں سے ایک شخص ہلاک جب کہ دوسرا زخمی ہوگیا۔ پولیس کے مطابق مذکورہ دونوں دوست کراچی سے سکھر جانے والی وین میں سوار تھے، بدقسمت وین جب سپر ہائی وے پرلونی کوٹ پولیس اسٹیشن کی حدود میں نوری آباد کے قریب پہنچی تو ایک ٹرالر سے ٹکرا گئی، جس میں چار افراد جاں بحق اور 10 شدید زخمی ہوگئے۔

ہلاک ہونے والوں میں ڈگری رہائشی مستری مصطفے ملک بھی شامل تھاجب کہ زخمیوں میں ڈگری سے ہی تعلق رکھنے والادوسرا مسافر تکہ فروش ، طالب حسین آرائیں تھا، جسے دوسرے زخمیوں کے ساتھ حیدرآباد کے اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں اس کی حالت تشوش ناک بتائی جاتی ہے۔

ڈگری شہر میں ہی ٹریفک حادثے میں دو تاجر ہلاک ہوگئے ۔تفصیلات کے مطابق ڈگری کے عمر دین ٹائون کے رہائشی مویشیوں کے بیوپاری علی ولد نویدجٹ اور محمد اکرم عرف اکری ، ڈگری سے ضلع بدین کے شہر تلہار کی مویشی منڈی جاتے ہوئے دمبالو اسٹاپ پر موٹر سائیکل سلپ ہو نے کے باعث حادثے کا شکار ہو گئےـ 

اس حادثے میں علی ولد نوید جٹ موقع پر ہی ہلاک ہوگیا جب کہ محمد اکرم عرف اکری کو زخمی حالت میں ڈگری کے سرکاری اسپتال پہتچایا گیا لیکن تشویشناک حالت کے باعث اسے فوری طور پر حیدرآبادکے اسپتال منتقل کر دیا گیا تھا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہو گیا۔

تازہ ترین
تازہ ترین