• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اہل کشمیر کیلئے بھارت کے خلاف جہاد کا اعلان کیا جائے، قوم ساتھ دے گی، سراج الحق

کراچی (اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ حکومت اور ریاسست کی ذمہ داری ہے کہ اہل کشمیر کے حقو ق کے تحفظ اورآزادی کے لیے بھارت کے خلاف جہاد کا اعلا ن کریں،پوری قوم ان کا ساتھ دے گی اور اللہ تعالیٰ کی مدد ضرور آئے گی،حکومت کو کشمیریوں کو مایوس نہیں کرنا چاہئے،کشمیریوں کو بھارتی فوج کے رحم وکرم پر ہرگز نہیں چھوڑنا چاہئے۔ ایسا نہ ہوکہ آج کے لمحے کی خطا کہیں صدیوں کی سزا نہ بن جائے،16اکتوبر کو جماعت اسلامی نے خواتین کو اسلام آباد میں بلایا ہے اور حکمرانوں کو خواب غفلت سے بیدار کرنے کے لیے خواتین کے عظیم الشان مارچ کا اعلان کیا ہے،وزیر اعظم سعودی عرب اور ایران کے درمیان ثالثی کے لیے جارہے ہیں یہ اچھی بات ہے لیکن سب سے پہلے اپنے گھر کو ٹھیک کریں۔5اگست کے بعد مقبوضہ کشمیر میں جو کچھ بھی ہوا ہے اس کے بعد ہماری حکومت نے سیاسی جماعتوں کا کوئی اجلاس نہیں بلایا،حکومت نے اپنی ذمہ داری پوری نہیں کی،قوم کو لنگر خانے کی نہیں کارخانوں کی ضرورت ہے،وزیر اعظم صاحب عوام اور غریب مزدوروں کو ان کا حق دیں،ملک کے قومی ادارو ں اور کارخانوں کو آبادکریں،پی آئی اے،اسٹیل مل اور دیگر اداروں کو غیر ملکیوں کے حوالے کرنے کی کوشش نہ کریں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلامی جمعیت طلبہ کراچی کے تحت مین یونیورسٹی روڈ گلشن اقبال میں ”اب ہند بنے گا پاکستان“ کے موضوع پر ”آزادی کشمیر کنونشن“سے خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔کنونشن سے ناظم اعلی ٰ اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان محمد عامر،امیر جماعت اسلامی صوبہ سندھ محمد حسین محنتی،امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن،ناظم کراچی اسلامی جمعیت طلبہ عمر احمد خان ودیگر نے بھی خطاب کیا۔کنونشن میں شہر بھر سے طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور زبردست جوش و خروش کا مظاہرہ کیا،کنونشن میں آزادی کشمیر کے حوالے سے ترانے بھی پیش کیے گئے،اسکولوں کے طلبہ کے ایک دستے نے سراج الحق اور محمد عامر کو علامتی تلوارپیش کی۔سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ آج اس کنونشن میں ہزاروں طلبہ نے پوری قوم کی طرف سے اس عزم کا اعلان کیا ہے کہ ہم کشمیر کی آزادی تک جنگ لڑیں گے ۔
تازہ ترین