• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ماحولیاتی آلودگی: عالمی میئرز، کراچی کی مدد کو تیار

اعجاز احمد... میئر کراچی وسیم اختر کی درخواست پر میئرز کی عالمی تنظیم’’C-40 ‘‘نے ماحولیاتی تبدیلیوں اور فضائی آلودگی سے نمٹنے کیلئے مستقبل قریب میں کراچی کو تیکنیکی اور مالی تعاون فراہم کرنے کی یقین دہانی کرادی۔

بلدیہ عظمیٰ کراچی کے اعلامیے کے مطابق کوپن ہیگن، ڈنمارک میں 9سے12 اکتوبر تک منعقدہ ’’ساتویںC-40 عالمی میئرز کانفرنس‘‘ میں میئر کراچی وسیم اختر نے کراچی میں اہم ماحولیاتی مسائل کا ذکرِ کرتے ہوئے اپنے خطاب میں کہا کہ شہر کو اس وقت جن بنیادی مسائل کا سامنا ہے ان میں فضائی کثافت، کچرے کو مناسب طریقے سے ٹھکانے لگانے کے لئے درکار سہولتوں کا فقدان اور آبی ذخائر کا انحطاط سرفہرست ہے۔

تیزی سے رونما ہوتے ماحولیاتی تغیرات سے نمٹنے کیلئے ہمارے پاس مطلوبہ تیکنیکی مہارت اور وسائل نہیں، لہٰذا C40 ارکان اس سلسلے میں ہماری مدد کریں، کراچی پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی حب ہونے کے باعث یہاں کی آبادی تیز رفتاری سے بڑھ رہی ہے۔

کراچی میں ماحولیاتی آلودگی روکنے کے لئے بہت کام کی ضرورت ہے، مقامی حکومت اس حوالے سے پہلے ہی کام کر رہی ہے تاہم مسائل زیادہ اور وسائل کم ہونے سے بیرونی امداد کی ضرورت ہے۔

دنیا کے بڑے شہروں کے میئرز کو کم وسائل کے حامل شہروں کے ساتھ تیکنیکی اور مالی تعاون کرنا چاہئے، تا کہ مسائل پر جلد قابو پانے میں کامیابی ہو، تنظیم نے میئر کراچی کی تجویز کی اصولی منظوری دے دی۔

واضح رہے کہ میئرز کانفرنس میں دنیا کے 70 بڑے اور اہم شہروں کے میئرز کے ساتھ متعدد اہم عالمی پالیسی ساز اداروں کی ممتاز کاروباری شخصیات، سائنسدان اور شہری بھی شریک تھے۔

اس موقع پر دنیا بھر میں ماحولیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کیلئے موزوں اقدامات بھی تجویز کئے گئے، جن سے گرین ہاؤس گیسز کے اخراج میں کمی لا کر ماحولیاتی مزاحمت بہتر بنائی جا سکتی ہے۔

مندوبین نے فیصلہ ساز  اداروں اور قومی سطح کے لیڈروں پر زور دیا کہ وہ عالمی درجہ حرارت میں اضافے کو ایک اعشاریہ 5سینٹی گریڈ تک روکنے کے لئے فوری اور دلیرانہ اقدامات کریں،یہ کانفرنس اس اعتبار سے منفرد تھی کہ پہلی بار اس میں شہریوں کو بھی نمائندگی دی گئی تھی۔

تازہ ترین