وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ اگلے چار سال بھی تحریک انصاف کی حکومت کے ہیں، اپوزیشن الیکشن تک انتظار کرے، اگر منتخب ہوئے تو ہم ان کے پیچھے کھڑے ہوں گے۔
پشاور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محمود خان نے کہا کہ جو عوام نکالنے کے دعوے کررہے تھے ان کا حشر لوگوں نے دیکھ لیا ہوگا، کل سب نے دیکھا ان کے پاس کتنی قوت ہے۔
انہوں نے کہا کہ جو باہر نکل رہے ہیں ان سے کہتے ہیں حالات نہ بگاڑیں، پاکستان ترقی کی طرف گامزن ہے۔
وزیر اعلیٰ کے پی نے کہا کہ زراعت کی ترقی سے ملک میں مزید خوش حالی آئے گی، ہم اس شعبے کو مزید آگے لے کر جائیں گے۔
محمود خان نے کہا کہ عمران خان کے منصوبوں سے غربت ختم ہوگی، وزیر اعظم کے ساتھ مل کر جہانگیر ترین اور صوبائی حکومتیں مل کر زراعت کی ترقی کے لیے اہم کردار ادا کررہی ہیں۔