شہزادی کیٹ مڈلٹن نے اپنی ساس لیڈی ڈیانا کی یاد تازہ کردی،کیٹ مڈلٹن نے بھی دورہ پاکستان کے موقع پر آنجہانی لیڈی ڈیانا کی طرح آسمانی لباس زیب تن کیا ۔
برطانوی شہزادی کیٹ مڈلٹن پاکستان پہنچی تو انہوں نے روایتی شلوار قمیض کے لباس سے متاثر ہو کر آسمانی رنگ کا لباس پہنا ہوا تھا۔
خوبصورت لباس شہزادی ڈیانا کی یاد دلا رہا تھا کیونکہ آنجہانی لیڈی ڈیانا نے بھی 1996 میں دورہ پاکستان کے موقع پر آسمانی لباس زیب تن کیا تھا۔
درحقیقت کیٹ مڈلٹن کا لباس 1996 میں شہزادی ڈیانا کے دورہ پاکستان کے موقع پر پہنے گئے لباس سے بہت زیادہ ملتا جلتا تھا اور کیٹ مڈلٹن کا لباس جس ڈیزائنر نے تیار کیا وہ شہزادی ڈیانا کا بھی پسندیدہ ڈیزائنر تھا۔
یعنی یہ لباس ایک طرح سے ڈچز آف کیمبرج کی جانب سے اپنی آنجہانی ساس کو خراج عقیدت بھی سمجھا جاسکتا ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ رات برطانوی شہزادہ ولیم اور ان کی اہلیہ شہزادی کیٹ میڈلٹن پاکستان پہنچے تو وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے استقبال کیا، روایتی لباس میں ملبوس بچوں نے برطانوی شاہی جوڑے کو گل دستے پیش کئے۔
شاہی جوڑا 5 تک پاکستان میں قیام کرے گا، جوڑا اسلام آباد کے علاوہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور اور گلگت بلتستان کا دورہ بھی کرے گا۔
یہ شہزادہ ولیم اور کیٹ میڈلٹن کا پاکستان کا پہلا دورہ ہوگا تاہم شاہی خاندان کے دیگر افراد ماضی میں اسلام آباد کا دورہ کرچکے ہیں۔