پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے برطانوی شاہی جوڑے نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ٹریل فائیو مارگلہ ہلز کا دورہ کیا ہے، معزز مہمان نے یہاں منعقد ہونے والی ماحولیاتی تحفظ کی تقریب میں بھی شرکت کی۔
شہزادی کیٹ نےآج نیلے رنگ کا قمیض شلوار اور دوپٹہ زیب تن کیا جبکہ شہزادہ ولیم نے پینٹ اور شرٹ پہنی۔
یہ بھی پڑھیئے: برطانوی شاہی جوڑا پاکستان پہنچ گیا
شاہی جوڑے کی آمد سے قبل ٹریل فائیو پر تیاریاں مکمل کر لی گئی تھیں، اس موقع پر سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات بھی کیے گئے۔
اس سے قبل شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ نے وفاقی دارالحکومت میں اسلام آباد ماڈل کالج فار گرلز کا دورہ کیا۔
شاہی جوڑے نے طالبات سے ملاقات کی جبکہ عمارت کے مختلف حصے بھی دیکھے۔
اس موقع پر کالج انتظامیہ اور دیگر حکام نے شاہی جوڑے کو پاکستان میں تعلیمی نظام کے بارے میں آگاہ کیا۔
شاہی جوڑے نے اسکول کے ننھے منے طلبہ سے بھی ملاقات کی اور ان میں گھل مل گئے۔
برطانوی شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ مڈلٹن صدر عارف علوی اور وزیرِ اعظم عمران خان سے بھی ملاقات کریں گے۔
واضح رہے کہ برطانوی شہزادہ ولیم اپنی اہلیہ شہزادی کیٹ میڈلٹن کے ہمراہ سرکاری دورے پر گزشتہ روز پاکستان پہنچے ہیں، جہاں ایئر پورٹ پر وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے ان کا استقبال کیا۔
پاکستان میں برطانوی ہائی کمیشن کی جانب سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق شاہی جوڑا اپنے 5 روزہ دورے کے دوران جدید پاکستان دیکھنے کے لیے ملک کے مختلف حصوں کا دورہ کرے گا۔
ان کا دورہ دارالحکومت اسلام آباد سے لے کر لاہور، شمالی علاقہ جات و قبائلی علاقہ جات سمیت ایک ہزار کلومیٹر پر محیط ہے۔
شاہی جوڑا نوجوانوں کو با اختیار بنانے والے منصوبہ جات سمیت مختلف کمیونٹیز سے ملاقاتیں کرے گا۔
شاہی جوڑا اپنے دورے کے دوران حکومتی لیڈران، مذہبی رہنماؤں، کاروباری افراد، خیراتی اداروں کے سربراہان، نامور فنکاروں اور کھلاڑیوں سے بھی ملاقاتیں کرے گا۔
بیان کے مطابق پاکستان کے برطانیہ کے ساتھ تعلقات وسیع ہیں اور شاہی جوڑا پاکستانی عوام کے ساتھ پائیدار دوستی کا منتظر ہے۔
شاہی جوڑے کی آمد پر لاہور اور راولپنڈی کے رکشوں پر پاکستان اور برطانیہ کے جھنڈے اور شاہی جوڑے کی تصاویر بھی دیکھی گئی ہیں۔
پاکستان میں برطانوی شاہی جوڑے کا پرتپاک خیرمقدم کرنے کے جذبات ہر جگہ دیکھنے میں آ رہے ہیں، سوشل میڈیا پر بھی شاہی جوڑے کے دورۂ پاکستان کو سراہا گیا ہے۔
وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل وزیر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں شاہی جوڑے کے دورے کو پاکستانی عوام کے لیے حیرت انگیز قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ آپ پاکستانیوں کو مہمان نواز، پیار کرنے والے اور مجموعی طور پر ایک ایسی قوم محسوس کریں گے جو آپ کو اپنے پاس دیکھ کر خوش ہوں۔
ایسے ہی جذبات کا اظہار بہت سارے دوسرے لوگوں نے ٹویٹر پر کرتے ہوئے وزیرِ اعظم عمران خان کے ساتھ لیڈی ڈیانا کی تصاویر اور ویڈیوز شیئر کی ہیں۔
آرٹسٹ وقاص احمد شائق نے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ پر کیمبرج کے پورٹریٹ میں خاکہ بنا کر اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا ہے۔
اس سے قبل اسلام آباد میں برطانوی ہائی کمشنر نے اپنے ایک ویڈیو پیغام میں کہا تھا کہ اس دورے میں 21 کروڑ سے زائد آبادی کے ملک کو متحرک، آرزو مند اور پائیدار دوستی کا منتظر پایا جائے گا۔
شاہی جوڑے نے اپنے 3 بچوں جارج، شارلٹ اور پرنس لوئس کو وطن چھوڑا ہے، جب کہ وہ پاکستان میں نوجوانوں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد سے مل رہے ہیں۔
شاہی جوڑا ماضی اور آج کے چیلنجز اور مواقع کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرے گا۔
کیننگٹن پیلس سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا تھا کہ ڈیوک اور ڈچیز برطانیہ اور پاکستان کے ان فوجی اہلکاروں سے بھی ملاقات کریں گے جو سیکیورٹی کو بہتر بنانے کے لیے مہارت شیئر کر رہے ہیں۔