آپ آف لائن ہیں
جنگ ای پیپر
جمعرات23؍ ربیع الاوّل 1441ھ 21؍نومبر 2019ء
Namaz Timing
  • بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیئرمین و ایگزیکٹوایڈیٹر: میر جاوید رحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
تازہ ترین
آج کا اخبار
کالمز
شاہد حیات خان کون تھے؟
شاہد حیات تاحیات پولیس کی جانب سے ملنے والے دو بیڈ روم کے فلیٹ میں مقیم رہے اور کراچی پولیس کے سربراہ بننے کے باوجود وہ اُسی گھر میں رہائش پذیر رہے۔

کراچی میں طویل علالت کے بعد انتقال کر جانے والے ایڈیشنل آئی جی پولیس شاہد حیات خان لگ بھگ ڈھائی دہائی سے زائد عرصے کی سرکاری ملازمت کے دوران دو مرتبہ موت کے منہ سے بچ نکلے اور قید و بند کی صعوبتیں برداشت کیں۔

شاہد حیات خان گزشتہ کئی ماہ سے انٹیلی جنس بیورو میں تعینات تھے، وہ موٹروے میں ایڈیشنل آئی جی کے طور پر خدمات سرانجام دیتے رہے، اس سے پہلے وہ وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے میں ڈائریکٹر سندھ تعینا ت تھے۔

پولو کے بہترین کھلاڑی شاہد حیات نے کراچی میں سیاسی کشمکش اور جرائم پیشہ گروہوں کے گراؤنڈ پر بطور ایڈیشنل آئی جی کراچی بہترین کھیل پیش کیا۔

شاہد حیات نے اپنی سرکاری ملازمت کا آغاز سول سروس کا امتحان پاس کرکے 1988ء میں خیبر پختونخوا میں سول جج کی حیثیت سے کیا تھا۔

شاہد حیات خان نے سال 1989 میں سی ایس ایس کا امتحان پاس کیا اور 1991 میں باقاعدہ طور پر سول سروس جوائن کی۔ 1992ء میں اے ایس پی کی حیثیت سے لاہور میں پولیس سروس کی پہلی تعیناتی حاصل کی۔ 1993 میں اقوام متحدہ کے مشن پر منتخب ہوکر بیرون ملک چلے گئے۔

شاہد حیات خان کون تھے؟
وہ موٹروے میں ایڈیشنل آئی جی کے طور پر خدمات سرانجام دیتے رہے۔

واپسی پر 1995 میں جب کراچی میں لاقانونیت اور پولیس آپریشن عروج پر تھا اُنہیں کراچی کے ان دنوں انتہائی خطرناک علاقے پاک کالونی میں سب ڈویژنل پولیس آفیسر کی حیثیت سے تعینات کیا گیا۔ اس دوران دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کے دوران اُن پر حملہ کیا گیا جس میں وہ شدید زخمی ہوئے۔ گولی اُن کے چہرے پر لگی اور ایک ماہ تک اسپتال میں علاج کے بعد واپس اُسی علاقے میں اپنے فرائض منصبی انجام دیئے۔

1996 میں سابق وزیراعظم کے بھائی میر مرتضیٰ بھٹو کی موت کا سبب بننے والے پولیس ایکشن کے دوران اُنہیں پھر گولی لگی، تاہم اسپتال میں کافی عرصہ زیر علاج رہنے کے بعد اُنہیں میر مرتضی بھٹو قتل کیس میں دیگر پولیس افسران کے ساتھ گرفتار کیا گیا اور اسپتال میں صحت یاب ہونے کے بعد اُنہیں جیل بھیج دیا گیا۔

شاہد حیات خان کون تھے؟
شاہد حیات کا بائیو ڈیٹا

لگ بھگ پونے تین سال جیل کاٹنے کے بعد اُنہیں دوبارہ کراچی میں ڈویژنل پولیس آفیسر صدر تعینات کیا گیا، جس کے بعد اُنہیں ایس پی ٹھٹھہ مقرر کیا گیا۔ ٹھٹھہ میں تعیناتی کے دوران اُنہوں نے اپنے مخصوص طرز کی پیشہ ورانہ خدمات کے دوران الیکشن مہم میں ایک سیاسی جماعت کے کہنے پر مخالف جماعت کے خلاف کارروائی کرنے سے انکار کیا تو اس پاداش میں اُن کا پھر تبادلہ کردیا گیا، جس کے بعد وہ کراچی میں ایس ایس پی انویسٹی گیشن ایسٹ، اے آئی جی اسٹیبلشمنٹ بھی تعینات رہے۔

ڈیرہ اسماعیل خان سے تعلق رکھنے والے شاہد حیات نے ایف آئی اے میں بھی ڈپٹی ڈائریکٹر کی حیثیت سے خدمات سر انجام دیں۔ وہ ڈی آئی جی شرقی اور ساؤتھ بھی رہے۔ ڈی آئی جی ساؤتھ کی حیثیت سے تعیناتی کے دوران اعلیٰ عدلیہ کی جانب سے ٹاسک ملنے پر سندھ کے اہم شاہ زیب قتل کیس کے سربراہ تفتیشی افسر بھی رہے۔ اُن کی قیادت میں تفتیشی ٹیم نے اس کیس کو کامیاب انداز میں انجام تک پہنچایا۔ شاہد حیات، عباس ٹاؤن کے خوفناک بم دھماکے کی تحقیقاتی ٹیم کے بھی سربراہ رہے۔

شاہد حیات کے ساتھ کام کرنے والے پولیس افسران اُنہیں اس بناء پر بھی عزت اور احترام کی نگاہ سے دیکھتے ہیں کہ ہر ساتھی کے دُکھ درد میں برابر کے شریک دیکھے جاتے تھے۔وہ افسران اور اہلکاروں کا مورال بلند کرنے میں مہارت رکھتے تھے، اہلکاروں کے ساتھ بیٹھ کر کھانا کھانا، اُن کے معمولات میں شامل رہتے تھے۔

شاہد حیات تاحیات پولیس کی جانب سے ملنے والے دو بیڈ روم کے فلیٹ میں مقیم رہے اور کراچی پولیس کے سربراہ بننے کے باوجود وہ اُسی گھر میں رہائش پذیر رہے۔

مرحوم نے دو صاحبزادیوں اور بیوہ کو سوگوار چھوڑا ہے۔

قومی خبریں سے مزید