کراچی(ٹی وی رپورٹ)جمعیت علمائے اسلام ف کے رہنما راشد محمود سومرونے جیو نیوز کے پروگرام ’’جیو پاکستان ‘‘میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لاڑکانہ میں ضمنی الیکشن پر پی ٹی آئی کی نہیں سیاسی اتحاد ہونے کی وجہ سے متفقہ امیدوارکی حمایت کی ہے،ہم لاڑکانہ اتحاد کا حصہ ہیں سیٹ ایڈجسٹمنٹ کی ہے،ہم سندھ میں پیپلز پارٹی کے اتحادی ہیں اور نہ کبھی رہے ہیں۔ڈینٹل سرجن ڈاکٹر علی حسین نے کہا کہ بریسٹ کینسر کے بعدپاکستان میں سب سے زیادہ اموات منہ کے کینسر سے ہوتی ہیں ہر سال گٹکے کی وجہ سے 55ہزار لوگ جان سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں چند سال میں یہ تعداد ایک لاکھ تک جاسکتی ہے،گٹکے کے خلاف سندھ حکومت کے اقدامات میں ایک چیز کی کمی ہے جو کہ ہیلتھ ایجوکیشن ہے،گٹکے کی عادت میں مبتلا افراد کیلئے آگاہی پروگرامز شروع کرنے چاہئیں صرف سزاوں سے یہ معاملہ حل نہیں ہوگا۔ پی ٹی آئی کے رہنما صداقت علی عباسی ،وزیر اطلاعات سندھ سعید غنی ،معاشی تجزیہ کار محمد سہیل اور دیگر نے بھی گفتگو میں حصہ لیا۔پنجاب میں ڈاکٹروں کی ہڑتال کے حوالے سے پروگرام میں بات چیت کرتے ہوئے پنجاب گرینڈ ہیلتھ الائنس کے ڈاکٹر لقمان انورنے کہا کہ اسپتالوں کی نجکاری نہ صرف ڈاکٹرز،نرسز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کا معاشی قتل ہوگا بلکہ مریضوں کے مفت علاج کی سہولت بھی چھین لی جائے گی ۔معاشی تجزیہ کار محمد سہیل کا کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے معاشی ریفارمز کی وجہ سے پاکستان میں آٹو انڈسٹری کی مشکلات بڑھی ہیں اور اسکی بڑی وجہ مہنگائی بھی ہے کیونکہ لوگوں کی قوت خرید میں کمی آئی ہے،10سال قبل بھی یہی صورتحال تھی ،ورلڈ بینک کی رپورٹ بھی یہی اشارہ دے رہی ہے اور یہی خیال کیا جارہا تھا کہ اگلے دو سال معیشت کی صورتحال اچھی نہیں رہیگی۔امید ہے کہ ان ریفارمز کے نتیجے میں دو سال بعد پاکستان کی معیشت درست سمت پر گامزن ہوجائے گی اور یہ صرف وقتی مشکلات ہیں جن کا سامنا پاکستان کو ان دنوں کرنا پڑرہا ہے۔