• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جس طرح میک اپ آپ کےحُسن کو سنوارتا ہے ،بالکل اسی طرح پر فیوم بھی آپ کی شخصیت کو نکھارتاہے۔ اس لیے ہمیشہ ایسے پر فیوم کا انتخاب کرنا چاہیے، جس کی خوشبو دو سرے کو بھی اچھی لگے ۔تیز خوشبو والے پرفیومز آس پاس کے لوگوں کواچھا تاثر نہیں دیتے ۔

خوب صورت لباس اور آرائش و زیبائش کی دیگر اشیاء کی طرح اچھی خوشبو کا استعمال انسان کی شخصیت کو دل کش اور محسور کن بنانے میں بہت اہم کردار ادا کرتا ہے جو آپ کے ساتھ ساتھ دوسرے لوگوں کو بھی تازگی اور خوشبو کا احساس دلاتا ہے ،بلکہ اکثر اوقات تو یہ انوکھی اور منفرد خوشبو انسانی شخصیت کی پہچان بن جاتی ہے آپ کسی بھی محفل میں جائیں لوگ آپ کے پرفیوم کی خوشبو سے آپ کو پہچان لیتے ہیں۔ اپنے پسندیدہ اور معیاری پر فیوم کا انتخاب خاصاً مشکل کام ہے ،کیوںکہ مارکیٹ میں مختلف ناموں اور بر انڈ کے ہزاروں پر فیوم دستیاب ہیں ۔

محض اشتہارات دیکھ کر پرفیوم منتخب نہ کریں

ان میں سے صحیح پر فیوم کو منتخب کرنا تھوڑا مشکل مرحلہ ہوتا ہے ۔پرفیوم خریدتے وقت اگر چند باتوں کو مدنظر رکھا جائے تو آپ بآسانی ایسے پر فیوم کا انتخاب کرسکتی ہیں جو آپ کی شخصیت کو مزید سحر انگیز کر دے ۔یاد رکھیں! پر فیوم آپ کی شخصیت کا اظہار ہوتا ہے ،اس لیے ضروری ہے کہ محض اشتہارات دیکھ کر یا صرف اس لیے منتخب نہ کریں کہ وہ پر فیوم بہت زیادہ مقبول ہے یا کسی مشہور شخصیت کا پسندیدہ پر فیوم ہے ،اس لیے آپ کوبھی پسند ہے ،ایسی خوشبو آپ کی شخصیت کو منفرد نہیں بنائے گی ۔پرفیوم کو منتخب کرتے وقت اسے پیپر اسٹریب یا ٹشو پیپر پر اسپرے کرنے کے بجائے کلائی پر اسپرے کرکے چیک کریں آپ پیپر پر اور جلد پر لگائے گئے پر فیوم کی خوشبو میں واضح فرق محسوس کر یں گی ۔

صبح، شام کے لحاظ سے مختلف پر فیومز کا استعمال

علاوہ ازیں آپ صبح ،شام کے لحاظ سے بھی مختلف پر فیومز استعمال کرسکتی ہیں ۔شام کے وقت میں زیادہ تیز خوشبو کا استعمال بہتر رہتا ہے ۔دوپہر کے وقت ہلکی اور بھینی خوشبو لگانے سے آپ تازگی اور بشاشت محسو س کریں گی ۔ جب بھی پر فیوم خریدنے جائیں تو ایک یا دو سے زائد پر فیومز کو ٹیسٹ نہ کریں ،اگر آپ بہت زیادہ پر فیومز آزمائیں گی تو آپ کو ان کی خوشبو میں نمایاں فرق محسوس نہیں ہوگا ،جس کی وجہ سے آپ کو صحیح پر فیوم کے انتخاب میں پر یشانی کا سامنا کرنا پڑے گا ۔

پرفیوم جسم کے کس حصے پر لگائیں؟

کوشش کریں کہ اسےجیولری پہننے سے پہلے استعمال کریں، کیوں کہ بعض اقسام کے پرفیوم، عطریات، ڈیوڈز اور باڈی اسپرے دھاتی زیورات اور موتی وغیرہ کی سطح پر نہ مٹنے والے نشانات چھوڑ دیتے ہیں،جس سےزیورات کی رنگت اور چمک دمک ماند پڑ جاتی ہے ،نیز استعمال کرتے ہوئے اس بات کا خیال لازمی رکھیں کہ اسے اپنے جسم کے نبضی حصوں یا پلس پوائنٹ (Pulse Point) پر لگائیں جیسے کہ ہاتھ کی پشت پر، ٹھوڑی کے نچلے حصوں پر، کان کی لو کے پیچھے اور گلے کے اطرافی حصوں پر، لگانے کے بعد دونوں ہاتھوں کی کلائیوں کو آپس میں رگڑنے سے بھی گریز کریں، کیوں کہ ایسا کرنے سے خوشبو کا آہنگ ٹوٹ جاتا ہے۔ اس بات سے شاید ہی کوئی بے خبر ہوکہ پر فیوم کی مہک اس وقت اور زیادہ بکھرتی ہے۔ جب اسے جسم کے ان حصوں پر لگایا جائے جہاں کا دوران خون تیز ہو، جلد کی سطح باریک ہو ، اسے گردن وکان، گھٹنوں و کہنیوں کے پشت پر بھی لگائیں۔

چکنی جلد اور سانولی رنگت پر پر فیوم کی مہک دیر تک رہتی ہے

ماہر آرائش حُسن کے مطابق گوری رنگت اور خشک جلد پر پر فیوم جلد ی اپنا اثر ختم کردیتا ہے ،جب کہ چکنی جلد اور سانولی رنگت پر پر فیوم کی مہک دیر تک رہتی ہے ۔اسی لیے وہ گوری رنگت کی حامل خواتین کوتہوں کی صورت میں پر فیوم لگانے کا مشورہ دیتی ہیں ۔یعنی جس طرح کی خوشبو کا پر فیوم آپ استعمال کر رہی ہیں ،اسی سے ملتی ہوئی خوشبو کےرول آن ڈیو یا باڈی ا سپرے استعمال کریں ۔ آج کل مارکیٹ میں پرفیوم لیئرنگ پروڈکٹس بآسانی مل جاتی ہیں ۔

ہر تین سے چار ماہ بعد اپنا پر فیوم برانڈ بدل لیں

یہ یاد رکھیں کہ پر فیوم لیئرنگ کرتے ہوئے خوشبو ہم آہنگ ہو۔ وقت کے ساتھ ساتھ ہر خاتون میک اپ کے نت نئے متعارف ہونے والے ٹرینڈز آزماتی ہے ،بالکل اسی طرح پرفیوم کے بر انڈز بھی تبدیل کرنے چاہیے ۔ہر تین سے چار ماہ بعد اپنا پر فیوم برانڈ بدل لیں اورکبھی بھی کسی اور کا پر فیوم دیکھ کر نہ خریدیں۔ ہوسکتا ہے وہ خوشبو آپ کی شخصیت کے لیے موزوں نہ ہو۔پر فیوم ہمیشہ اپنی شخصیت کے مطابق استعمال کریں ۔

پرفیوم خریدنے میں وقت لگائیں

پر فیوم کی خوشبو صحیح جانچےمیں تقریباً 5 سے 10 منٹ لگتے ہیں ،کیوں کہ اس کا پہلا جھونکا تھوڑا تیز اور چھبتا ہوا محسوس ہوتا ہے ،لہٰذا پر فیوم کو پھیلنے میں تھوڑا وقت لگتا ہے ،تا کہ آپ کو اصل خوشبو کا اندازہ ہوسکے ،بعدازاں اسے خریدیں ،نیزپر فیوم کو جلد پر اسپرے کرکے فوری طور پر نہ سونگھیں ،کیوں کہ اس میں شامل الکحل آپ کے محسوسات کو نقصا ن پہنچا سکتا ہے ۔تھوڑی دیر انتظار کریں،زیادہ تر پر فیوم کی خوشبو تین مراحل سے گزرتی ہے ۔

نمبر ایک ٹاپ نوٹ ( Top note) وہ خوشبو جو پر فیوم اسپرے کرتے ہی فوری طور پر محسوس ہو ۔ نمبر دومڈل نوٹ ( Middle note)وہ خوشبو جو پرفیوم لگانے سے تھوڑی دیر بعد اٹھتی ہے اور دیر تک برقرار رہتی ہےاور نمبر تین بیس نوٹ ( Base note) پر فیوم کے تیز اور دیر تک قائم رہنے والے اجزاء ۔آپ کبھی بھی پر فیوم کی خوشبو کا اندازہ ٹاپ نوٹ سے نہیں لگاسکتیں۔

نہانے کے فوری بعد پرفیوم کا استعمال

نہانے کے فوری بعد پر فیوم کا استعمال بہترین ہوتا ہے ۔اس وقت خوشبو بآسانی مساموں کے ذریعے جلد میں سر ائیت کر جاتی ہے اور اس کے اثرات دیر تک بر قرار رہتے ہیں ۔پرفیومز کو بہت زیادہ مقدار میں استعمال نہ کریں بلکہ تھوڑی سا پر فیوم جسم کے مختلف حصوں جیسے کہ گردن، کہنی،جوڑ اور کلائی پر اسپرے کریں۔

اس بات کاخیال رکھیں کہ ان میں تیز اور طاقت ور سینٹ موجود ہوتا ہے ۔اسی لیے اس کو کم مقدار میں استعمال کریں ۔سستے اور غیر معیاری پرفیوم خریدنے کے بجائے اچھے اور معیاری بر انڈز کے پرفیوم کو ترجیح دیں ۔ سستے پرفیومز میں فریشنر اور کلینک اسپرے کوخوشبو دینے والے غیر معیاری اجزا شامل کیے جاتے ہیں ،جس کے استعمال سے جلد کو نقصان پہنچ سکتا ہے ۔

تازہ ترین