• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایسی تعلیم کی ضرورت نہیں،جہاں بلیک میلنگ ہو، پشتون ایس ایف

کوئٹہ(آئی این پی)پشتون سٹوڈنٹس فیڈریشن کے صوبائی چیئرمین عالمگیر مندوخیل، ڈپٹی چیئرمین مزمل خان کاکڑ اور ممبر معصوم خان میرزئی نے بیان میں کہا ہے کہ یونیورسٹی میں طالبات کو بلیک میل کرنے کا شرمناک اسکینڈل منظر عام پر آنا سیکورٹی اداروں کی موجودگی پر سوالیہ نشان ہے۔ اس حوالے سے عرصہ دراز سے پشتون ایس ایف اور دیگر طلبا تنظیموں کے خدشات اور تحفظات رہے ہیں۔ جبکہ یونیورسٹی کی انتظامیہ یہ تاثر دینے کی کوشش کررہی تھی کہ وہ ادارے کو طلبا تنظیموں کے اثر ورسوخ سے نکال کر ایک معیاری ادارہ بنانا چاہتے ہیں۔ اس منظم منصوبے کی آڑ میں معاشرے کے روشن فکر طبقے کی سیاسی سوچ و فکر ختم کرنے کی کوشش کی گئی اور طلبا سے ایک آزاد سوچ رکھنے اور حق کی آواز اٹھانے کی صلاحیت سلب کی گئی۔ اور اب جو شرمناک اسکینڈل سامنے آیا ہے یونیورسٹی کی تاریخ میں سیاسی تنظیموں کے دور میں ایسا واقعہ پیش نہیں آیا۔ مگر جب یونیورسٹی میں ایک منصوبے کے تحت سیاسی طلبا تنظیموں کو دبایا گیا تو ہماری عزتوں کے ساتھ بھی کھیلنا شروع کردیا گیا ۔ ہمیں ایسی تعلیم کی ضرورت نہیں جہاں ایسا ماحول ہو اور طلبا وطالبات خوف کے سائے میں بلیک میلنگ کا شکار ہوں۔ پشتون ایس ایف اس حوالے سے اپنا واضح موقف رکھتی ہے اور واقعے کی صاف شفاف تحقیقات کا مطالبہ کرتی ہے۔ واقعے میں ملوث عناصر کو منظرعام پر لایا جائے۔ گزشتہ روز یونیورسٹی میں پشتون ایس ایف کی جانب سے دیگر طلبا تنظیموں کے ساتھ اس واقعے کے خلاف احتجاجی ریلی بھی نکالی گئی۔
تازہ ترین