• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ندیم خان کو سلیکشن کمیٹی کا کوآرڈینیٹر مقرر کردیا گیا

ندیم خان کو سلیکشن کمیٹی کا کوآرڈینیٹر مقرر کردیا گیا
ندیم خان نے یہ عہدہ سنبھالنے کے ساتھ ہی پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز ملتان سلطانز کو خیر باد کہہ دیا

پاکستان کرکٹ بورڈ نےسابق ٹیسٹ اسپنر ندیم خان کو قومی کرکٹ ٹیم کی سلیکشن کمیٹی کا کوآرڈینیٹر مقرر کردیا ہے۔ندیم خان کا سلیکشن کمیٹی میں کوئی کردار نہیں ہوگا۔

ندیم خان نے یہ عہدہ سنبھالنے کے ساتھ ہی پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز ملتان سلطانز کو خیر باد کہہ دیا ہے، ندیم خان دو سال سے ملتان کے منیجر تھے۔

ندیم خان کا کہنا ہے کہ وہ اپنے فیصلے سے ملتان کے مالک علی ترین کو آگاہ کر چکے ہیں۔

کوآرڈینیٹر کا عہدہ سنبھالنے والے ندیم خان کا شمار سلیکشن کمیٹی کے اراکین میں نہیں ہوگا۔ ندیم خان صوبائی ٹیموں کے کوچز اور چیف سلیکٹر مصباح الحق کے درمیان پل کا کردار ادا کریں گے۔

کوآرڈینیٹر کی ذمہ داری ہوگی کہ وہ 6 کوچز سے رابطہ کرکے ڈومیسٹک کرکٹ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں کی رپورٹ تیار کرکے سلیکشن کمیٹی کو دیں گے۔ چھ ریجنل کوچز سے مسلسل رابطے میں رہنا اور ملک بھر میں جاری ڈومیسٹک کرکٹ میچوں کو دیکھ کر مفصل رپورٹ تیار کرنا ندیم خان کی ذمہ داریوں میں شامل ہوگا۔

چیف ایگزیکٹو پی سی بی وسیم خان کا کہنا ہے کہ ندیم خان کا شمار پاکستان کے انتہائی معتبر کرکٹرز میں ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ڈومیسٹک کرکٹ کا وسیع علم رکھنے والے ندیم خان ایمانداری سے کام کرتے ہیں۔

وسیم خان نے کہا کہ مصباح الحق کی بطور ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر تقرری کے وقت پی سی بی نے واضح کیا تھا کہ وہ مصباح الحق کو اپنے اہداف کے حصول میں مکمل مدد کریں گے اور ندیم خان کی تقرری اس کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

49 سالہ ندیم خان پاکستان کے لیے 2 ٹیسٹ، 2 ایک روزہ میچوں میں نمائندگی کے ساتھ ساتھ 153 فرسٹ کلاس میچ بھی کھیل چکے ہیں۔ ندیم خان 17-2016 میں قومی کرکٹ ٹیم کی سلیکشن کمیٹی کا حصہ رہ چکے ہیں۔

ندیم خان 2 مرتبہ ایشیاکپ اور ایک بار آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈ کپ میں قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے منیجر رہ چکے ہیں۔

تازہ ترین