کراچی میں 18 اکتوبر کو پیش آئے سانحہ کارساز کی 12 ویں برسی کے موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے ایک ریلی کا اہتمام کیا گیا ہے جس کی وجہ سے شاہراہ فیصل پر ممکنہ ٹریفک کا اندیشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
سوشل میڈیا پر زیر گردش ایک مراسلے میں بتایا گیا ہے کہ سانحہ کارساز کی برسی کے موقع پر دن 12 بجے کے بعد کارساز پر ایک ریلی کا انعقاد کیاجائے گا جس کے سبب وہاں سے گزرنے والے ٹریفک کو مشکلات درپیش آسکتی ہیں۔
اس صورتحال کے پیش نظر ان راستوں پر سفر کرنے والے عوام کو مطلع کیا گیا ہے کہ وہ ان راستوں پر سفر کرنے سے قبل اپنے اوقات کار کو ٹھیک سے ترتیب دے لیں تاکہ کسی قسم کی پریشانی و دشواری سے بچا جاسکے، نیز مراسلے میں عوام کو متبادل راستوں کے انتخاب کا بھی مشورہ دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ سابق وزیراعظم محترمہ بینظیربھٹو 12 سال پہلے آج ہی کے دن آٹھ برس کی جلاوطنی کے بعد وطن واپس آئیں تو کراچی میں عوام کے ٹھاٹھیں مارتے سمندر نے ان کا استقبال کیا اس موقع پر کارساز کے مقام پر ان کے استقبالی جلوس میں ہونے والے بم دھماکوں میں 177 افراد جاں بحق اور 600 سے زائد زخمی ہوگئے تھے، تاہم واقعے کی دو ایف آئی آرز درج ہونے کے باوجود ملزمان تاحال گرفتار نہیں کیے جا سکے ہیں۔