کراچی (جنگ نیوزف) برطانوی شاہی خاندان کرکٹ سے گہری دلچسپی رکھتا ہے۔ ٹینس اور گھڑ سواری بھی اس خاندان کے خون میں رچی بسی ہوئی ہے۔ جمعرات کو برطانوی شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ میڈلٹن نے قومی اکیڈمی کے دورے کے موقع پر اس کھیل سے اپنے والہانہ لگائو کی جھلک دکھائی۔ وقار یونس ان لمحات کو یادگار اور دلچسپ قرار دیتے ہیں۔ انکا کہنا ہے کہ یہ ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی، شاہی جوڑا کھلاڑیوں سے گھل مل گیا۔ جنگ سے انٹرویو میں سابق کپتان نے بتایا کہ شہزادہ ولیم کرکٹ کھیلنے جاگرز پہن کر آئے تھے اور کہا کہ میں میچ کی تیاری سے آیا ہوں۔ انہیں کرکٹ سے زیادہ ٹینس کھیلنے کا شو ق ہے لیکن لارڈز میں انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے درمیان ورلڈ کپ فائنل پر کھل کر بات کی فائنل کی گفتگو کرتے ہوئے وہ جذباتی ہوگئے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے لارڈز میں کئی میچ دیکھے ہیں لیکن یہ سنسنی خیز میچ کبھی نہیں بھول سکتا۔ وقار یونس نے کہا کہ میں نے بتایا کہ میں ملکہ برطانیہ اور آپ کی والدہ لیڈی ڈیانا سے مل چکا ہوں لیکن آپ سے میری پہلی ملاقات ہے۔ شہزادے کو قومی اکیڈمی سے متعلق استفسار پر بتایا کہ20سال سے یہ پاکستان کرکٹ کے ٹیلنٹ کو گروم کرنے میں اہم کردار ادا کررہی ہے۔ میں نے ہاکی اور اسکواش کا ذکر کرتے ہوئے بتایا گیا کہ جہانگیر خان اور عمران خان سمیت کئی عالمی شہرت یافتہ کھلاڑی پاکستان کا پرچم بلند کر چکے ہیں۔ میں نے شہزادے ولیم کا پاکستان آنے پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ دورے نے پاکستان کی ساکھ اور سافٹ امیج کا اضافہ کیا ہے میں بھی سڈنی میں رہتا تھا اب پاکستان آگیا ہوں، پاکستان اب مختلف ملک ہے، نوجوانوں کے رول ماڈل عمران خان وزیر اعظم ہیں۔ تحقیق کے مطابق لارڈز میں ہونے والے ٹیسٹ میچوں میں ملکہ برطانیہ کھلاڑیوں سے ملا کرتی تھیں۔ 1971میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان انتخاب عالم لارڈز ٹیسٹ کے دوران اپنے کھلاڑیوں کا تعارف ملکہ برطانیہ سے کروا رہے تھے۔ اس ٹیم میں پہلی بار منتخب ہونے والے 18سالہ نوجوان عمران خان بھی شامل تھے۔ عمران خان اور ملکہ برطانیہ کے ہاتھ ملانے کی تصویر آج اسلام آباد میں برطانوی ہائی کمیشن میں لگی ہوئی ہے۔ عینی شاہدین کے مطابق شہزادہ ولیم اچھے کھلاڑی دکھائی دیئے انہوں نے فاسٹ بولر حسن علی کو چھکا بھی مارا۔ جبکہ شہزادی بھی پیچھے نہ رہیں اور زور دار شاٹس مارے۔ شہزادی کیٹ نے اعتراف کیا کہ وہ کرکٹ سے دلچسپی رکھتی ہیں لیکن انہیں باریک بینی کا زیادہ علم نہیں ہے۔ ماضی کے عظیم فاسٹ بولر وقار یونس کو شہزادہ ولیم اچھی طرح جانتے تھے۔ برطانوی شاہی جوڑےاس سے قبل پاکستان کرکٹ بورڈ کے مہمان بن چکے ہیں۔ 1997میں ملکہ برطانیہ نے دوسری مرتبہ پاکستان کا دورہ کیا تو اس موقع پر راولپنڈی میں پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان ٹیسٹ میچ کھیلا جارہا تھا۔ ملکہ برطانیہ پنڈی اسٹیڈیم آئیں جہاں کھلاڑیوں سے انکا روایتی تعارف کروایا گیا۔ مئی میں انگلینڈ میں ورلڈ کپ مقابلوں کے دوران کپتانوں کی بکنگھم پیلس میں بھی ملکہ برطانیہ سے ملاقات کرائی گئی تھی۔ قومی اکیڈمی میں امپائرنگ کے فرائض سابق فاسٹ بولر وقار یونس نے انجام دیے، ایک گیند پر حسن علی نے برطانوی شہزادے کو آؤٹ کیا لیکن امپائر وقار یونس نے اسے نو بال قرار دے دیا۔