لاڑکانہ ( بیورو رپورٹ) لاڑکانہ کے صوبائی اسمبلی کے حلقے پی ایس 11 لاڑکانہ 2 میں پیپلز پارٹی کو ہونے والی شکست کے بعد پارٹی کی قیادت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے بعض منتخب اراکین کیخلاف کارروائی کا فیصلہ کر لیا ہے۔ نوڈیرو ہائوس کے ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی لاڑکانہ میونسپل کارپوریشن کی پانچ یونین کمیٹیوں کے منتخب اراکین سے استعفی لینے پر غور کررہی ہے جبکہ تین اراکین صوبائی اسمبلی اور ایک رکن قومی اسمبلی کیخلاف بھی ناقص کارکردگی کی بنیاد پر کارروائی کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ پیپلز پارٹی کے گڑھ لاڑکانہ میں دوسری بار شکست کی وجہ سے پارٹی کے حلقوں میں شدید بے چینی پائی جاتی ہے اور ان کا خیال ہے کہ پارٹی کی عوام میں تیزی سے گھٹتی مقبولیت مستقبل میں پارٹی کے لئے مزید تباہی لا سکتی ہے۔ ایک اہم پارٹی رہنما نے نام نہ بتانے کی شرط پر بتایا کہ پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور آصفہ بھٹو زرداری کیخلاف بھی کارروائی ہونی چاہیے جنکی غلط پالیسی کی وجہ سے پارٹی کو شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا۔ پارٹی چیئرمین نے پولنگ کے روز حلقے کا دورہ کرکے مخالفین کو براہ راست تنقید کا موقع فراہم کیا۔