• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سندھ ٹیم کے کوچ اعظم خان کے رویے سے کرکٹرز ناخوش

کراچی (عبدالماجد بھٹی/ اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ کے سلیکٹر اور سندھ ٹیم کے ہیڈ کوچ اعظم خان کے خلاف فیصل آباد میں قومی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کے دوران ایک سے زائد شکایات سامنے آئی ہیں، کھلاڑی ان کے رویے سے ناخوش ہیں۔ پاکستان کیلئے ایک ٹیسٹ کھیلنے والے اعظم خان نے قومی سلیکٹر بننےکے بعد کھلاڑیوں کے ساتھ اپنا رویہ تبدیل کر لیا۔ سری لنکا کی سیریز میں رنز بنانے والے عابد علی کوانہوںڈراپ کردیا ہے جبکہ فواد عالم بھیزیادہ تربینچ پر بیٹھے ہوئے ہیں۔ امکان ہے کہ فواد عالم پیر کو میچ کھیلیں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹیسٹ کرکٹر خرم منظور ایک میچ میں جب آئوٹ ہوکر ہوکر آئے تو کوچ نے ان کے ساتھ مبینہ بدتمیزی کی جس کی زبانی شکایت انہوں نے ٹیم انتظامیہ سے کی۔ اسی طرحبیٹسمین احسان علی کو مین آف دی میچ ایوارڈ اور اسپانسر کے بورڈ پر گیند ہٹ ہونے پر مہنگا میوزک سسٹم ملا۔ ذمے دار ذرائع کا کہنا ہے کہ کوچ نے میوزک سسٹم خود رکھ لیا اور کھلاڑی سے کہا کہ تمہیں مین آف دی میچ کے پیسے مل چکے ہیں۔ نوجوان احسان علی نے کوچ اور قومی سلیکٹر کے سامنے خاموشی میں عافیت سمجھی۔ ذرائع کا کہنا ہے مصباح الحق کے ساتھ سلیکٹرز کی میٹنگ میں کراچی سے تعلق رکھنے والے سلیکٹر، سرفراز احمد کی دفاع میں نہ آسکے اور میٹنگ میں بر ملا کہتے ہوئے سنے گئے جو شخص سندھ کی کپتانی سے منع کرسکتا ہے اسے پاکستان کی کپتانی بھی نہیں ملنی چاہیے۔ واضح رہے کہ اعظم خان کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران تابش خان پر پوچھے گئے سوال پر صحافیوں سے بھی بدتمیزی کرتے رہے۔ پی سی بی نے پہلی بار نیوزی لینڈ کی طرز پر فرسٹ کلاس ٹیموں کے کوچز کو سلیکٹر کی دوہری ذمے داری سونپی ہے۔ جس کے بعد اعظم خان کے علاوہ عبدالرحمن، ارشد خان،کبیر خان،محمد وسیم اور اعجاز احمد جونیئر سلیکشن کمیٹی کے رکن بن گئے ہیں۔ پی سی بی ترجمان کا کہنا ہے کہ ہم تحریری شکایت پر کارروائی کرتے ہیں۔ ابھی تک سندھ کے منیجر راشد خان نے اس بارے میں کوئی رپورٹ پی سی بی کو نہیں دی ہے۔ اگر منیجر رپورٹ کرے گا یا کوئی کھلاڑی منیجر سے شکایت کرے گا تو پی سی بی اس کے خلاف کارروائی کرے گا۔

تازہ ترین