گورنر سندھ عمران اسمٰعیل نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کے آزادی مارچ اور دھرنے کو ایک وزارت کی مار قرار دے دیا۔
وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی خسرو بختیار کے ہمراہ گورنر ہاؤس میں پریس بریفنگ میں عمران اسمٰعیل نے کہا کہ وزیراعظم، مولانا کو ایک وزارت کی پیشکش کریں تو وہ سب دھرنا بھول جائیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم کراچی کے منصوبوں کو جلد مکمل کرنا چاہتے ہیں، وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ صوبے کے چیف ایگزیکٹو ہیں، وہ جب چاہیں وزیراعظم سے مل سکتے ہیں۔
گورنر سندھ نے ساتھ ہی وزیراعلیٰ سندھ کو یہ بھی یاد دلایا کہ انہیں وزیراعظم کے استقبال کے لیے دعوت کی ضرورت نہیں، مراد علی شاہ کو خود جانا چاہیے تھا، میری کسی سے کوئی ذاتی دشمنی نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ صوبوں نے وفاق کے ساتھ تعاون سے مل کر چلنا ہے، گرین لائن اوریجنل پلان پر ہی بنائی جارہی ہے۔