سابق وزیراعظم نوازشریف کے بیٹے حسین نواز نے والد کی طبیعت خراب ہونے پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پلیٹلیٹس کم ہونے کی ایک وجہ پوائزننگ (یعنی زہر) بھی ہو سکتی ہے جو ایک یا دوسری صورت میں دیا جا رہا ہو۔
اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر حسین نواز نے لکھا کہ اگر میاں صاحب کو کوئی نقصان پہنچا تو آپ جانتے ہیں کون لوگ اس کے ذمہ دار ہوں گے۔
دوسری جانب رہنما پاکستان مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ کوئی میڈیکل رپورٹ نوازشریف کی فیملی کو نہیں دی جارہی، ڈاکٹرعدنان کی رپورٹس کو بھی نیب نے نہیں مانا تھا۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ ایک ہفتے تک ڈاکٹرعدنان کو نوازشریف تک رسائی نہیں دی گئی، پارٹی قائد نوازشریف کو کچھ ہوا تو اس کے ذمےدار عمران خان ہوں گے۔
واضح رہے کہ مسلم لیگ ن کے قائد و سابق وزیر اعظم نوازشریف کی طبیعت اچانک خراب ہوگئی تھی جس کے بعد انہیں سروسز اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔