• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وادی کیلاش میں ایکو ٹورازم ویلج قائم کئے جائیں گے‘ عاطف خان

پشاور (وقائع نگار) خیبر پختونخوا کے سینئر وزیر برائے سیاحت عاطف خان نے کہا ہے کہ چترال کی وادی کیلاش میں ایکو ٹورازم ویلج قائم کئے جائیں گے جہاں مقامی لوگوں کو تربیت اور سرمایہ فراہم کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وائبک جنسن کی سربراہی میں یونیسکو کے نمائندہ وفد سے ملاقات کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل سیکرٹری سیاحت و ثقافت بابر خان اور ڈائریکٹر ارکیالوجی ڈاکٹر عبدالصمد خان بھی موجود تھے۔ اجلاس میں کیلاش کی ثقافت کو محفوظ بنانے اور ترقی دینے سمیت وہاں پر ایکو ٹورازم ویلج کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔ سینئر وزیر نے یونیسکو وفد کو بتایا کہ خیبرپختونخوا حکومت چترال میں اباد کیلاش وادی کو ترقی دینے کے لئے سنجیدہ کوششیں کررہی ہے اور اس مقصد کے لئے وہاں پر ایکو ٹورازم شروع کرنے کی خواہاں ہے تاکہ کیلاش کی ثقافت کو محفوظ بنایا جاسکے اور مقامی لوگوں کو روزگار کے مواقع بھی فراہم کئے جاسکیں۔ انہوں نے کہا کہ کیلاش میں ایکو ٹورازم ویلج قائم کرنے کے لئے مقامی لوگوں کو تربیت فراہم کرنے کے علاوہ سرمایہ بھی فراہم کیا جائیگا۔ یونیسکو وفد نے اس سلسلے میں ہر قسم کے مالی تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ وفد نے سینئر وزیر کو ایکو ٹورازم کے حوالے سے اپنے پلان سے بھی آگاہ کیا۔
تازہ ترین