• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

غریبوں کو لوٹنے والی مافیا کا وقتِ اختتام قریب ہے، چیئرمین نیب

غریبوں کو لوٹنے والی مافیا کا وقتِ اختتام قریب ہے، چیئرمین نیب


چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کا کہنا ہے کہ غریب عوام کو لوٹنے والی مافیا کے اختتام کا وقت قریب ہے، عوام کو لوٹنے والی ہاؤسنگ سوسائٹیز یا بلڈرز نیب سے نہیں بچ سکیں گے۔

کراچی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے کہا کہ ہم نے ڈھیل دی ڈیل نہیں کی۔

ان کا کہنا تھا کہ لوگوں کی خواہشوں کو بیچنے والے سمجھتے ہیں کہ وہ بری الذمہ ہوگئے، جس مافیا نے لوگوں کو لوٹا اور برباد کیا انہیں نہیں چھوڑیں گے اس مافیا کا جلد خاتمہ ہونے والا ہے۔

چیئرمین نیب نے کہا کہ جو سمجھتے تھے انھیں کوئی کچھ نہیں کہے گا آج وہ گرفت میں ہیں، احتساب سب کے لیے ہے، کسی کے لیے کوئی رعایت نہیں، اگر نیب کے راستے میں کوئی بھی رکاوٹ ہو تو اسے عبور کریں گے۔

جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے کہا کہ آج تک کسی سینیٹر یا کسی وزیر سے سیاست پر بات نہیں کی، ہمارا سیاست سے کسی قسم کا کوئی تعلق نہیں، میں یا ادارہ سیاست میں ملوث ہوا تو ہر قسم کی سزا کے لیے تیار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حالات پہلے سے بہت بہتر ہیں، وہ وقت جلد آئے گا جب پاکستان میں کرپشن نہ ہونے کے برابر ہوگی، ماضی میں جن سے سوال کرنا مشکل تھا آج وہ قانون کی گرفت میں ہیں، جنہیں دیکھنا بھی مشکل تھا آج وہ کیےکی سزا بھگت رہے ہیں۔

چیئرمین نیب کا کہنا تھا کہ کفن میں جیب نہیں، دنیا سے جائیں گے تو خالی ہاتھ جائیں گے، سزا اور جزا کا وقت مقرر ہوتا ہے، اللّٰہ تعالیٰ ظالم کو لمبی رسی دیتا ہے مگر آخر پکڑ ہو جاتی ہے۔

اس سے قبل چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے کراچی نیب ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا اور اس کی کارکردگی کا جائزہ لیا، اس موقع پر چیئرمین نیب کو میگا کرپشن کیسز پر بریفنگ دی گئی۔

نیب چیئرمین نے کہا کہ میگا کرپشن وائٹ کالر کیسز کی سائنسی بنیاد پر تحقیقات اولین ترجیح ہے، نیب نے احتساب سب کے لیے کی پالیسی بنائی ہے، انہوں نے نیب کراچی کی کارکردگی کو انتہائی شاندار قرار دیا۔

نیب اعلامیے کے مطابق چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے کہا کہ نیب کی مجموعی کارکردگی میں نیب کراچی کا کلیدی کردار ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ 23 ماہ میں71 ارب روپے کی لوٹی گئی رقم قومی خزانے میں جمع کرائی گئی اور 600 بدعنوانی ریفرنسز عدالتوں میں جمع کرائے، نیب کی سزا دلانے کی شرح 70 فیصد ہے۔

چیئرمین نیب نے یہ بھی کہا کہ نیب کراچی کی کارکردگی انتہائی شاندار ہے، ڈی جی نیب فاروق اعوان بہترین کارکردگی کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔

تازہ ترین