پاکستان ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں کو غیر ملکی دورے پر یومیہ دس ہزار روپے دئیے جاتے تھے، تاہم اب اسے ڈبل کرکے 20ہزار روپے کر دیا گیا ہے، یہ بات پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکریٹری اولمپئین آصف باجوہ نے جیو نیوز کے پروگرام “ اسکور” میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔
سیکریٹری پاکستان ہاکی فیڈریشن نے اس سلسلے میں صدر بریگیڈئیر (ر) خالد سجاد کھوکھر کا خاص طور پر ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ شکر گذار ہیں کہ انہوں نے اس کی خصوصی منظوری دی ہے۔
یاد رہے کہ قومی کھیل ہاکی میں کھلاڑیوں کو میچ فیس کی مد میں کوئی رقم نہیں دی جاتی، جب کہ ہاکی کے کھیل کو امیچور ہونے کے سبب فیڈریشن غیر ملکی دورے پر بھی سارے اخراجات اٹھانے کی ذمہ دار ہوتی ہے، اس بارے میں سیکریٹری اولمپئین آصف باجوہ کہتے ہیں کہ اولمپک کوالی فائر کے سلسلے میں فیڈریشن کو ڈیڑھ کروڑ کے اخراجات برداشت کرنے ہونگے۔
اس سوال کے جواب میں کہ ہالینڈ کے خلاف اولمپک کوالی فائر کی تیاری کے لئے 17ویں نمبر کی پاکستان ٹیم نے 27ویں نمبر کی اومان ہاکی ٹیم کی لاہور میں میزبانی کرنے کی وضاحت کرتے ہوئے، آصف باجوہ نے کہا کہ ایسا تاثر دینا سراسر غلط ہے، کیونکہ اومان کے خلاف ہمارے ڈیولپمنٹ اسکواڈ نے میچ کھیلے،آصف باجوہ نے کہا کہ اومان ایشین کپ کی تیاریوں کے لئے پاکستان آئی۔
انہوں نے کہا کہ مڈل ایسٹ میں اومان ایک اہم ملک ہے،اور اگر مستقبل میں غیر ملکی ٹیموں نے پاکستان آنے سے معذرت کی تو ہم اومان کو ہوم گراونڈ کے طور پر استعمال کرینگے، ٹوکیو اولمپک 2020ء کھیلنے کے سوال پر آصف باجوہ نے کہا کہ کوئی شک نہیں کہ ہمارا مقابلہ ہالینڈ جیسی مضبوط ٹیم سے ہے۔
البتہ ہم پوری توانائی کیساتھ مقابلہ کرنے کی کوشش کرینگے، اولمپئین آصف باجوہ کہتے ہیں کہ وہ اولمپک کوالی فائر کے میچوں کے دوران جرمن ہاکی فیڈریشن کے صد ر کے علاوہ یورپ کے مختلف ممالک کے آفیشلز کیساتھ ملاقات میں قومی ہاکی ٹیم کیساتھ میچوں پر بھی گفتگو کرینگے۔