سندھ حکومت کے ترجمان مرتضیٰ وہاب نے وفاق سے اپیل کی ہے کہ وہ صوبائی حکومت کی محنت کا کریڈٹ نہ لے اور غلط بیانی سے گریز کرے۔
میڈیا بریفنگ میں مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ گورنر سندھ اور وفاقی وزیر نے گزشتہ روز پریس کانفرنس میں بلند و بالا دعوے کیے، خسرو بختیار نے صوبائی حکومت کا کریڈٹ لینے کی کوشش کی۔
انہوں نے واضح طور پر کہا کہ گرین لائن کے سوا وفاق کسی منصوبے کے لیے صوبائی حکومت کو فنڈنگ نہیں کررہا۔
ترجمان سندھ حکومت نے مزید کہا کہ عمران اسماعیل اور خسرو بختیار نے کراچی میں جن منصوبوں سے متعلق بڑے بڑے دعوے کیے وہ سب سندھ حکومت کے ہیں، ان کے فنڈنگ یا قرض بھی صوبائی حکومت لے رہی ہے، یہ قرض اتارنا بھی صوبائی حکومت کی ذمہ داری ہوگی۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ صوبوں کو نظرانداز کرتے ہوئے وفاق نے چشمہ جہلم کینال پر پاور پروجیکٹ کی تعمیر کا یکطرفہ فیصلہ کیا۔
مرتضی وہاب نے کہا کہ سندھ کابینہ کے اجلاس میں بتایا گیا کہ صوبے میں امن و امان، ٹرانسپورٹ کرایوں، گندم کی قیمت اور دیگر اہم اقدامات کی منظوری دی گئی ہے، جس سے عوام کو فائدہ ہوگا۔