وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا ہے کہ پہلے کہا تھا جان چھڑاؤ ان کو جانے دو لیکن عمران خان اپنی بات پر قائم ہیں اور کہتے ہیں کہ عدالت کے فیصلے پر پہرہ دیں گے۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ کسی کی بیماری پرسیاست نہیں کرنی چاہیے، وزیر اعظم عمران خان نے خود وزیراعلیٰ پنجاب کو کہا ہے کہ پاکستان میں جو علاج میسر ہے نواز شریف کو فراہم کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان اس وقت سے نکلیں گے اور پانچ سال پورے کریں گے، وہ اگر آج این آر او دے دیں توساری تحریکیں ختم ہوجائیں۔
شیخ رشید نے مولانا فضل الرحمٰن کے آزادی مارچ سے متعلق کہا کہ سپریم کورٹ کی ہدایات کےمطابق آزادی مارچ کوسہولت دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کوسرحدوں سےکوئی خطرہ نہیں، ملک کو اندر سے خطرہ ہے،آزادی مارچ کی آڑ میں بلوچستان میں شرارت ہوسکتی ہے۔
وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ اس ملک میں لوگ بچوں کے عقیقےکوبھی سیاست کےلیے استعمال کرتے ہیں، مولانا فضل الرحمٰن دونوں پارٹیوں کودھوکا دے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن زندگی کابڑا فیصلہ کرنےجارہے ہیں، ان سے متعلق فیصلہ 10 نومبر تک ہوجائے گا۔
شیخ رشید نے پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ نون پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ آصف زرداری بانٹ کر کھاتا ہے، جبکہ نواز شریف کنجوس خاندان ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا میڈیا آزادی مارچ کو جو وقت دے رہا ہے وہ کشمیرکی جدوجہد کو ملنا چاہیے تھا۔