لاہور(نمائندگان جنگ‘نامہ نگار) سابق وفاقی وزیر ورہنمامسلم لیگ (ن) خواجہ سعد رفیق نے پیرول پر 3روزہ رہائی کےبعد گزشتہ رات چک نمبر128 اے ٹی ڈی اے لیہ میں اپنی خوشدامن کی نماز جنازہ میں شرکت کی۔نماز جنازہ میں سیاسی و سماجی شخصیات کی بڑی تعدادشریک ہوئی۔ خواجہ سعد رفیق کو گزشتہ روز پیرول پر رہا کیا گیا، انہیں انکی خوشدامن کے انتقال کے سبب 3 روز کیلئے رہا کیا گیا۔ خواجہ سعد رفیق نےبیرسٹر حارث سوہل کےذریعے ساس کے انتقال پر جنازے میں شرکت کیلئے درخواست دی تھی۔ جس پر ڈپٹی کمشنر لاہور نے انہیں رہا کرنے کے احکامات جاری کئے۔ انہیں 29 اکتوبر کو واپس جیل بھجوا دیا جائے گا۔