• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حافظ حمد اللّٰہ کی شہریت منسوخی کا فیصلہ معطل

اسلام آباد ہائیکورٹ میں جے یو آئی (ف) کے رہنما حافظ حمد اللّٰہ کی شہریت منسوخی کا فیصلہ معطل کر دیا گیا۔

جے یو آئی (ف) کے رہنما حافظ حمد اللّٰہ کی درخواست پر سماعت اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللّٰہ نے کی۔

سماعت کے دوران اسلام آباد ہائیکورٹ نے حافظ حمد اللّٰہ  کی شہریت منسوخی کا فیصلہ معطل کرتے ہوئے نادرا سے شہریت منسوخی پر دو ہفتوں میں جواب طلب کر لیا ۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے سماعت کے دوران حکم دیا کہ نادرا یا وزارت داخلہ تاحکم ثانی حافظ حمد اللّٰہ کے خلاف کوئی اقدام نہ کرے۔

سماعت کے دوران جسٹس اطہر من اللہ نے نادرا سے استفسار کیا کہ کیا حافظ حمد اللّٰہ  کے بچے بھی ہیں؟ کیا حافظ حمد اللہ کے بچوں کے پاس بھی پاکستانی شناختی کارڈ ہے؟

جس پر نادرا نے اپنا موقف پیش کرتے ہوئے کہا کہ دسمبر2018 میں پہلی بار حافظ حمد اللّٰہ صاحب کو خط لکھ کر بلاک کیا گیاتھا اورڈسٹرکٹ لیول کمیٹی کو آگاہ کیا تھا، حافظ حمد اللّٰہ کمیٹی میں پیش ہوئے تھے۔

نادرا نےمزید بتایا کہ حافظ حمد اللّٰہ سے اس کمیٹی نے دستاویزات طلب کیں، جو دستاویزات حافظ حمد اللّٰہ نے پیش کیں وہ بوگس نکلیں۔ 

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں نیشنل ڈیٹابیس رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے جے یو آئی (ف) کے رہنما حافظ حمد اللّٰہ کو غیر ملکی شہری قرار دے دیا تھا۔

پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق نادرا نےجمعیت علما اسلام (ف) کے سابق سینیٹر حافظ حمد اللّہ کو غیر ملکی شہری قرار دیا گیا تھا۔

نادرا کی جانب سے جاری کردہ  نوٹی فکیشن میں  موقف اختیار کیا گیا تھا کہ حافظ حمد اللّٰہ صبور پاکستانی شہری نہیں ہیں، نادرا نے حافظ حمد اللّٰہ کا قومی شناختی کارڈ بھی منسوخ کر کے ضبط کرلیا تھا ۔

نادرا کی طرف سے آگاہی پر پیمرا نے بھی ٹی وی چینلز پر حافظ حمداللّٰہ کی کوریج کرنے پہ پابندی عائد کردی تھی۔

تازہ ترین