اسلام آباد(جنگ نیوز) نیشنل ڈیٹابیس رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے جو یو آئی (ف) کے رہنما حافظ حمد اللّہ کو غیر ملکی شہری قرار دے دیا۔
پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق نادرا نےجمعیت علما اسلام (ف) کے سابق سینیٹر حافظ حمد اللّہ کو غیر ملکی شہری قرار دیا ہے۔
ناد را کی جانب سے بتایا گیا ہےکہ حافظ حمد اللّہ صبور پاکستانی شہری نہیں ہیں، نادرا نے حافظ حمد اللّہ کا قومی شناختی کارڈ بھی منسوخ کرکے ضبط کرلیا۔نادرا کی طرف سے آگاہی پر پیمرا نے بھی ٹی وی چینلز پر حافظ حمداللّہ کی کوریج کرنے پہ پابندی عائد کردی۔
پیمرا کے نوٹس میں ٹی وی چینلز کو یہ ہدایت کی گئی ہے کہ وہ حافظ حمداللّہ کو پروگرام اور ٹاک شوز میں نہ بلائیں۔
دریں اثناءجمعیت علماء اسلام کے مرکزی رہنماء وسابق سینیٹر حافظ حمداللّہ نے کہاہے کہ نادرا کی جانب سے مجھے غیر ملکی قراردینا آئین کی خلاف ورزی ہے ملک میں اعلیٰ عہدوں پر فائزرہا بلاک شناخت کارڈ کابہانہ بنا کر شناختی کارڈ کو ضبط کر کے مجھے غیر ملکی قرار دیا گیا تمام تر دستاویزات کے باوجود میرے ساتھ اس طرح رویہ رکھنا انتہائی غیر انسانی عمل ہے حالات کا مقابلہ کریں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے آن لائن سے بات چیت کرتے ہوئے کیا حافظ حمداللّہ نے کہا کہ 2018 میں میرا شناختی کارڈ بلاک ہوا تھا اور اس حوالے سے مجھے کوئی نوٹس نہیں دیا گیا تھا فروری 2019 میں مجھے بلاک شناختی کارڈ کی اطلاع ملی تو قانون کے مطابق نادرا سے رجوع کیا۔
نادرا حکام نے کہا کہ شناختی کارڈ بلاک ہونا کوئی مسئلہ نہیں ، آپ پروسس کے مطابق دستاویزات فراہم کریں تو یہ مسئلہ حل ہوجائے گا۔
میں نے بلاک شناختی کارڈ فارم لیااوراس کوپر کر کے 1960-1965اور 1973کی دستاویزات لگا کر نادرا میں جمع کرادیں۔
رمضان المبارک اور عید کے بعد جب دوبارہ معلومات حاصل کیں تو نادرا حکام نے کہا کہ جلدان پر عملدرآمد ہوجائے گا اور کوئٹہ سے دستاویزات کلیئر ہونے کے بعداسلام آباد جائیں گی۔